دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،س تنازعہ کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا ' پی اے ایف رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے خطاب
No image اسلام آباد (کشیررپورٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، عالی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کوپاکستان ایئرفورس اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کررہا ہے ، اگست 2019 سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکو کھلی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے، کشمیر کا دیرینہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ اس تنازعہ کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلی معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اورغیرمتزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا،پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ پاک فضائیہ نے فروری 2019 میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،گزشتہ دو عشروں کے دوران قوم نے دہشت گردی ، انتہاپسندی اورشدت پسندی کا سامنا کیا ، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسورکا جوانمردی سے مقابلہ کیا ،پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پرکھڑی ہے،یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کوموسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں ، پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے ، معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں،عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام ملکوں بالخصوص ہمسایہ ممالک سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک سے ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین منظم اور پیشہ ور پاک فضائیہ کی سربراہی پرپاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاس ہونے والے کیڈٹس کوبیج لگائے ۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،پاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

واپس کریں