دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق بیان پربھارت جواب نہ دے سکا، بھارتی مندوب کا راہ فرار
No image نیویارک (کشیررپورٹ)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمد کے مطالبے پربھارت بوکھلاہٹ کا شکارہو گیا اور بھارتی مندوب پاکستانی مندوب کی طرف سے دیئے گئے دلائل کا جواب نہ دے سکا ۔
بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مذاکرے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے عالمی ادارے میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ یہ کثیر جہتی اقدامات جامع، مشترکہ اور مساوی ہونے چاہئیں۔پاکستان نے بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش موجودہ اور آئندہ خطرات سے نمٹنے کیلئے موثر کثیر جہتی اقدامات پر زور دیا ہے۔
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ یہ صورتحال اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پامالی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا بھارت نے کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی طرف سے دیئے گئے حق خودارادیت کو گزشتہ سات دہائیوں سے طاقت اور دھوکے سے غصب کر رکھا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ اس کی ایک اور بدترین مثال فلسطین کی صورتحال ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر گزشتہ 75 سال سے زائد عرصے سے موجود اِن دو تنازعات پر عالمی ادارے کے منشور اور قراردادوں کی صریح خلاف ورزیوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے جو اقوام متحدہ کے منشور پر عملدرآمد سے متعلق کھوکھلے عزم کا مظہر ہے۔منیر اکرم نے بڑی فوجی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عالمی تباہی سے بچا جا سکے۔
پاکستانی مندوب کے خطاب کے بعد اقوام متحدہ میں ہندوستان کی مستقل مندوب روچیرا کمبوج مسئلہ کشمیر پرپاکستان کے دلائل کا جواب نہ دے سکی اور اس نے راہ فراراختیارکرنے میں ہی عافیت سمجھی۔بھارتی مندوب روچیرا کمبوج نے کہا کہ وہ پاکستان کے کشمیرسے متعلق بیان کا جواب دے کر سلامتی کونسل کا وقت ضائع نہیں کریں گی۔بھارتی مندوب نے کہا کہ اس فورم نے آج کچھ ریمارکس سنے ہیں جو خالصتا لاعلمی اور ڈی کالونائزیشن کے بنیادی حقائق کے بارے میں سمجھ کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ ان ریمارکس کا جواب دینے میں اس کونسل کا وقت ضائع نہیں کریں گے،اس وفد کو ہمارا مشورہ ہے کہ براہ کرم جواب کے ہمارے متعدد حقوق کا حوالہ دیں جن کا ہم ماضی میں اظہار کر چکے ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے مختلف پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو مستقل طور پر اٹھاتا ہے، اجلاسوں میں ایجنڈے اور بحث کے موضوع سے قطع نظر وہ کشمیر کا مدعا اٹھاتاہے۔
واپس کریں