دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم چودھری انوارلحق کو چودھری لطیف اکبر، راجہ فاروق حیدر، شاہ غلام قادر،سردار یعقوب،چودھری یاسین،خواجہ فاروق ، قیوم نیازی،میاں وحید، دیوان چغتائی، چودھری رشید کی مبارکباد اور اچھے اقدامات کی توقعات کا اظہار
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)20اپریل2023۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں چوہدری انوارالحق کو قائد ایوان منتخب ہونے پرایوان میں سینئر ممبران اسمبلی و پارلیمانی لیڈرز کی مبارکباد۔ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالی نے جس منصب سے چوہدری انوارالحق کو نوازا یہ نصیب اور اعزاز کی بات ہے، چوہدری انوارالحق کو پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اپنی قیادت کے کہنے پر ووٹ دیا۔ نئے وزیراعظم سے کہوں گا کہ مظفرآباد کو بیس کیمپ بنائیں اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے کردار ادا کریں۔
سابق وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ چوہدری انوارلحق بہترین سیاسی کارکن ہیں توقع ہے کہ وہ تیرہویں ترمیم کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ کے قانون پر عملدرآمد اور بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنایا جائے۔
سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہاکہ آج اس اایوان نے چوہدری انوارالحق کو بلامقابلہ منتخب کر کے مثبت پیغام دیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہاکہ چوہدری انوارالحق خوش قسمت ہیں کہ انکے مقابلہ میں کوئی امیدوار نہیں آیا، امید ہے کہ وہ اچھے منتظم ثابت ہوں گے، چوہدری انوارالحق کو بطور آزاد امیدوار ووٹ دیا بطور پی ٹی آئی امیدوار کے نہیں۔
صدر پی پی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہاکہ چوہدری انوارالحق باصلاحیت لیڈر ہیں امید ہے کہ وہ د وسال سے رکے ہوئے تعمیر و ترقی کے پہیے کو آگے بڑھائیں گے،ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کے بعد انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کررہا ہے۔
خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ چوہدری انوارالحق کے بلامقابلہ انتخاب سے جمہوریت کو تقویت ملی ہے۔
سابق وزیرا عظم سردارعبدالقیوم نیازی نے کہاکہ چوہدری انوارالحق کو مبارکبا دپیش کرتے ہیں بطور سپیکر انہوں نے ایوان کو بہترین انداز میں چلایا، بلدیاتی انتخابات کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے۔
میاں عبدالوحید نے کہاکہ چوہدری انوارالحق کا انتخاب بہترین فیصلہ ہے، چوہدری انوارالحق کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔
دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ چوہدری انوارلحق تحریک آزادی کشمیر اور گڈگورننس کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، ہم چوہدری انوارالحق کے شانہ بشانہ چلیں گے۔
چوہدری محمد رشید نے کہاکہ چوہدری انوارالحق میں بھی صلاحیتیں موجود ہیں، وہ مشاورتی عمل کو آگے بڑھائیں گے اورخطہ میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کریں گے۔
واپس کریں