دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کے دبنگ وزیر اعظم تنویر الیاس کو توہین عدالت میں سزا، نااہل قرار ،آزاد کشمیر ہائیکورٹ کا فیصلہ
No image مظفر آباد( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس کو توہین عدالت نااہل قرار دے دیا ۔عدالت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قرار دیا۔عدالت نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔
قبل ازیں آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں طلبی پہ وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔ہائیکورٹ نے انہیں گزشتہ روز توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے سے پہلے وضاحت کے لئے ذاتی طورپر حاضر ہونے کی ہدایت کی تھی۔منگل کو سماعت کے دوران وزیر اعظم نے غیر مشروط معافی مانگی۔ عدالت میں وزیر اعظم کی تقاریر کے تین وڈیو کلپ دکھائے گئے اور وزیراعظم سے استفسار کیا گیا کہ کیا یہ آپ نے ہی کہا ہے۔ اس پہ وزیراعظم نے دوبارہ غیر مشروط معافی مانگی۔ وزیر اعظم تنویر الیاس نے کہا کہ اگر ان کی کسی بات سے دل آزاری ہوئی ہے تو وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ وزیر اعظم تنویر الیاس نے سماعت کے دوران تین بار غیر مشروط معافی مانگی۔ عدالت نے دن ایک بجے انہیں دوبارہ طلب کر لیا۔
توہین عدالت کے الزام میں وزیر اعظم تنویر الیاس کے خلاف سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں فل بینچ نے کی۔آزاد کشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔
تنویر الیاس آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد سپریم کورٹ پہنچے جہاں سپریم کورٹ کے فل بینچ نے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں توہین عدالت کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس خواجہ نسیم اور جسٹس رضا علی خان شامل ہیں۔چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم نے تنویر الیاس سے سوال کیا کہ یہ آپ ہی کی تقریر ہے؟ بطور وزیراعظم عدالتوں کی معاونت کرنا آپ کی ذمہ داری تھی، آپ کو عدلیہ سے کوئی گلہ تھا یا کوئی معاملہ ہے تو آپ یہاں کیوں نہیں آئے؟ آپ اسمبلی میں جوبات کرتے رہے ہیں اس پربھی عدلیہ نے برداشت کا مظاہرہ کیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ عہدے صرف اللہ کی طرف سے عنایت ہیں، آپ اس عہدے پر آئے ہیں تو یہ اللہ کا خاص انعام ہے، آپ نے جوکچھ کہایہ براہ راست توہین عدالت ہے، اس کیس میں کسی پراسیس کی بھی ضرورت نہیں، ہم آپ کو نوٹس دیتے ہیں، دو ہفتے کے اندر تحریری جواب دیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو سردار تنویر الیاس کے ساتھ ہوا، وہی شہباز شریف کے ساتھ ہوگا۔اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ سردار تنویر اپنے خلاف فیصلے کو چیلنج کریں گے اور انہیں انصاف بھی ملے گا، قانون سب کیلئے برابر ہے۔وزیر اعظم تنویر الیاس آج صبح ہی عدالت میں پیش ہونے کے لئے ہیلی کاپٹرپر اسلام آباد سے مظفرآباد پہنچے تھے۔
واپس کریں