دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کا آزاد کشمیر اسمبلی میں کنٹرول لائین پہ کرتار پورہ کی طرح کوریڈور قائم کرنے کی قرار داد منظور کئے جانے پہ اظہار افسوس۔ اجلاس میں شریک نہ تھا ورنہ قرار داد منظور نہ ہونے دیتا، شاہ غلام قادر
No image اسلام آباد(کشیر رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے کشمیریوں کی ملاقات کے لئے کرتار پورہ کی طرز پہ لائین آف کنٹرول پہ کوریڈور قائم کرنے کے حکومت پاکستان سے مطالبے کی قرار داد پیش کئے جانے اور حکومتی و اپوزیشن ارکان اسمبلی کی طرف سے متفقہ طورپر منظور کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شاہ غلام قادر نے ایڈیٹر '' کشیر '' اطہر مسعود وانی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ وہ آزاد کشمیر اسمبلی کے29مارچ کے اس اجلاس میں شریک نہیں تھے جس میں یہ قرار داد پیش اور منظور کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اسمبلی اجلاس میں موجود ہوتے تو وہ اس قرار داد کی سختی سے مخالفت کرتے اور اس قرار داد کو منظور نہ ہونے دیتے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی ' حکومت کے اتحادی ، شیخ رشید احمد کی عوامی مسلم لیگ کے رکن اسمبلی ،آزاد کشمیر حکومت کے پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے یہ قرار داد اسمبلی میں پیش کی تھی اور اس قرار داد کو آزاد کشمیر کے حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے متفقہ طورپر منظور کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ اس قرار داد کا محرک مسئلہ کشمیر سے ناواقف اور کم علم ہے، لہذا یہ معلوم کیا جانا چاہئے کہ اسے کس نے یہ قرار داد اسمبلی میں پیش کرنے کے لئے دی۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ سنیئر سفارت کار عبدالباسط نے اس قرار داد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بجا طور پر کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بیٹھے لوگ بھی نہیں جانتے کہ وہ کیا بات کر رہے ہیں اور ان کی تجویز کے دور رس اثرات ہیں، کاش کوئی کشمیر کے تنازع پر ان کے لیے ورکشاپ کا اہتمام کرے۔



واپس کریں