دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا سیکرٹریز حکومت اور ڈویثرنل افسران کے اجلاسوں سے خطاب
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)09 مارچ2023۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سب نے ملکر کر سسٹم کو آگے لیکر جانا ہے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔بیوروکریسی ریاست کا اثاثہ ہے،اپنے افسران کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، جو بھی خدمات دے رہا ہے چاہے وردی میں ہے یا بغیر وردی اسکو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ریاست کی ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ریاست ملک کی دفاعی فصیل ہے۔ ہم کمزور پڑ گئے تو لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کیا پیغام جائے گا، ایل او سی کے دوسری جانب کشمیری ہماری آس پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے سیکرٹریز حکومت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، ایس ایم بی آر سمیت جملہ محکمہ جات کے سیکرٹریز شریک تھے۔ سیکرٹریز حکومت نے اجلاس میں وزیراعظم کو آرا و تجاویز دیں جن کا وزیراعظم آزادکشمیر نے خیر مقدم کیا۔سیکرٹریز حکومت نے وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق ریاست کی ترقی، گڈگورننس اور میرٹ کے قیام کیلئے سردارتنویرالیاس خان کی قیادت میں بھرپور کام کرنے کا عزم کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میرٹ کے حوالہ سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جہاں میری ضرورت ہے بتایا جائے اور جہاں غلطی ہے اسکی بھی نشاندہی کریں۔ ہم نے سسٹم کو بہتر بناکر خطہ کو آگے لیکر جانا ہے اور ریاست کی بہتری کیلئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹریز حکومت مختلف شعبوں میں خدمات دیکر آتے ہیں۔ میری رائے سیکرٹریز حکومت کے اقدامات سے بنتی ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد سب سے کم ٹرانسفر پالیسی پر فوکس کیا جو جہاں بہتر خدمات انجام دے رہا ہے اسکی ستائش کی۔ انہوں نے کہاکہ ہر آدمی وہ کام تندہی سے کرے جس کے اسے پیسے ملتے ہیں، ہمیں ہرشخص کی عزت نفس کا خیال ہے۔اقتدار سنبھالنے سے لیکر آج تک بیوروکریسی کو بخوبی اندازہ ہوگا کہ ہماری کیا ترجیحات ہیں۔ قابلیت کسی بھی لیول پر ہو سکتی ہے، جس کا حق اسکو ملنا چاہیے اور اسی کا قائل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ تواتر کے ساتھ سیکرٹریزحکومت کے اجلاس کا انعقاد کیا جائیگا۔

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے ڈویثرنل افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات رب کی دین ہیں ایک دن ہمیں اللہ کے حضور جواب دے ہونا ہے افسران اور ماتحت ملازمین دفاتر میں سائلین سے خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آئیں۔حکومتی مشنری کا رویہ مثالی ہونا چاہیے تاکہ لوگ ان کے پاس آنے سے نہ ڈریں،اگر ملازمین اپنا رویہ اور اخلاق بہتر رکھیں گے تو لوگوں کی شکایات کم ہونگی،آزاد کشمیر میں 31 سال بعد پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ہماری پولیس اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا اہم کردار ہے۔ڈسٹرکٹ و تحصیل لیول پر کھلی کچہری کا انعقاد کرکے لوگوں کے مسائل حل کیے جائیں۔ دفاتر میں شکایات بکس نصب کیے جائیں۔ضلعی پولیس افسران اپنے اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، آزاد کشمیر کے ہر شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔شہروں کی صفائی و ستھرائی کے لئے حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کیا جائے۔برساتی نالوں پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کا جدید میکانزم ہونا چاہیے۔شہریوں کے لئے پینے کے پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کروائی جائے ۔ جرائم کے کنٹرول کے لئے شہروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایاجائے، حکومتی احکامات پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں حالیہ جاری شدہ منصوبہ جات اور کام کے معیار کی نگرانی کی جائے ۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی جائے، تھانہ جات کے اندر نظام کو بہتر کیا جائے اور عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر اینٹی سٹیٹ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور ایسے عناصر جو لا اینڈ آرڈر کو فالو نہیں کرتے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پرائس کنٹرول، ٹریفک،بلڈنگ کنٹرول، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آزاد کشمیر کے تمام چیک پوسٹ، انٹری پوائنٹس پر سیکورٹی الرٹ کی جائے۔ حکومت آزاد کشمیر اپنی انتخابی منشور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں کوشاں ہے تاکہ خطے سے مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کام میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے افسران کے ساتھ کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

واپس کریں