دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کسی صورت اسمبلی نہیں توڑوں گا، اسمبلی اجلاس بغیر بزنس شروع کر رکھا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس
No image میر پور (پی آئی ڈی)06 مارچ 2023۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس بغیر بزنس کے شروع رکھا ہوا ہے اس خدشہ سے کہ کہیں حکومت کوئی آرڈیننس یا وزیراعظم اسمبلی نہ توڑ دے۔ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں گردنیں تو کٹا سکتے ہیں لیکن غداری نہیں کرسکتے۔میں کسی صورت اسمبلی نہیں توڑوں گا آزاد کشمیر اسمبلی اپنی مدت پوری کرئے گی لوٹا کریسی پر لعنت ہو۔ انہوں نے سپیکر اسمبلی چوہدری انور الحق کے حوالے سے سرائیکی میں شعر پڑا اور کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کا کوئی ایجنڈا نہیں لیکن سیکرٹری اسمبلی ایڈوانس میں ایک دن پہلی اسمبلی کی کارروائی بتا دیتے ہیں۔
وزیر اعظم تنویر الیاس نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں میرپور اور مظفرآباد میں فرانزک ٹیسٹنگ لیب بنائیں گے۔وزیراعظم نے میرپور بار ایسوسی ایشن کے لئے 15 سو کنال پر مشتمل وکلا کالونی اور 60 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور حکومتی معاملات میں وکلا سے مشاورت بھی کریں گے۔وکلا کو آزاد کشمیر کے اداروں اور بینکوں میں بھی نمائندگی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانون وآئین کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انصاف کی فراہمی میں جوڈیشری کے ساتھ وکلا کااہم رول ہوتا ہے۔پاکستان بنانے والے قائد اعظم کا تعلق بھی وکالت کے پیشہ سے تھا۔میرپور بار آزاد کشمیر کی بڑی بار ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے ممبران نے ریاست کی سیاست اور اعلی عدلیہ میں بڑا نام پیدا کیا ہے جس پر میں میرپور بار کو سلوٹ کرتا ہوں۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چیئرمین،وائس چیئرمین،ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کا حلف شایان شان کریں گے اور انہیں تمام وسائل اور فنڈز بھی مہیا کریں گے۔
تقریب سے نو منتخب صدر بار کامران طارق ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری سردار فضل رازق خان ایڈووکیٹ،سابق جنرل سیکرٹری بار سید احسن علی ولایت ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وزرا حکومت چوہدری ارشد حسین،چوہدری علی شان سونی،ممبر اسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی،پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور،احمد صغیر،صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ،چیئرمین زکو چوہدری محمد صدیق،وائس چیئرمین بار کونسل محمد ندیم خان،کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سیلم،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری محمد شکیل زمان،سابق صدر بار امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ،چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ،سابو وائس چیئرمین بار کونسل راجہ خالد محمود خان،عزیز الرحمن ایڈووکیٹ،ریاض نویدبٹ،نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر رمضان چغتائی،وکلا اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔صدر ڈسٹرکٹ بار کامران طارق نے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیا س خان کو ڈسٹرکٹ با ر ایسو سی ایشن کی اعزازی ممبر شپ دی اور انھیں ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے شیلڈ پیش کی۔
قبل ازیں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان جب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان کا حلف لینے ضلع کچہری پہنچے تو صدر بار کامران طارق ایڈووکیٹ نے نو منتخب عہدیداران کے ہمراہ ان کا والہانہ استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں ہار پہنائے گئے وزیر اعظم جب پنڈال پہنچے تو شرکا نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے نو منتخب عہدیداران بار سے حلف لیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



واپس کریں