دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
' بی بی سی ' کے خلاف مودی حکومت کی انتقامی کاروائی ،عالمی میڈیا اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے بھارتی حکومت کی مذمت
No image نیویارک(کشیر رپورٹ ) عالمی میڈیا ہائوسز اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے نئی دہلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاتر پر بھارتی حکومت کے محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے، سروے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد آزادی اظہار کی کھلی توہین ہے۔نیویارک میں واقع آزاد غیر منافع بخش تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے)نے ہندوستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کو ہراساں کرنا بند کرے۔ سی پی جے کے ایشیا پروگرام کے کوآرڈینیٹر بیہ لی یی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی تنقیدی دستاویزی فلم کے تناظر میں بی بی سی کے انڈیا کے دفاتر پر چھاپہ مارنے سے ڈارنے کی بو آتی ہے ۔ پیرس میں قائم گروپ رپورٹرز ودآٹ بارڈرز (RSF) نے ٹویٹ کیا کہ نریندر مودی کے بارے میں ایک دستاویزی فلم کی سینسر شپ کے تین ہفتے بعد انکم ٹیکس حکام کی جانب سے بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپہ ایک اشتعال انگیز انتقامی کارروائی معلوم ہوتی ہے۔ آر ایس ایف حکومت ہند کی طرف سے کسی بھی تنقید کو روکنے کی ان کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹویٹ کیا کہ یہ چھاپے اظہار رائے کی آزادی کی صریح توہین ہیں۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کے گروپ ساتھ ایشیا سالیڈیریٹی گروپ نے اسے واضح انتقامی کارروائی قرار دیا۔ گروپ کے ترجمان مکتی شاہ نے کہا کہ دستاویزی فلم کی اسکریننگ پر حکومتی پابندی کے بعد، چھاپوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مودی حکومت ہر اس شخص پر حملہ کرے گی جو نریندر مودی، بی جے پی اور ان کے قریبی لوگوں پر تنقید کرے گا۔ محکمے کی یہ کارروائی بی بی سی کی دو حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم 'انڈیا: دی مودی کوئشچن' کے نشر ہونے کے چند ہفتوں بعد سامنے آئی ہے۔
' بی بی سی' کی دو قسطوںمیں تیار کردہ وڈیو رپورٹ میں اس بات کے ناقبل تردید شواہد پیش کئے گئے کہ گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی، جو اس وقت بھارت کے وزیر اعظم ہیں ، کی ہدایت پر سرکاری آشیر باد سے کیا گیا۔ ' بی بی سی' کی اس رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی انسانیت سوز انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بدترین ظلم و ستم اور قتل و غارت گری کی کاروائیوں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ بھارتی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ' بی جے پی' کی مودی حکومت نے غیر جمہوری انداز اپناتے ہوئے اور اقلیتوں پر بدترین ظلم و ستم اور جبر سے دنیا میں بھارت کو بدنام کر کے رکھ دیا ہے۔

واپس کریں