دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے ایک نمائندے فیض نقشبندی کو اپنا اعزازی معاون خصوصی مقرر کر دیا
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی) 15 فروری 2023۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سینئر حریت رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنونئیر سیدفیض حسین نقشبندی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنوینئر سید فیض حسین نقشبندی کو تحریک آزادی کیلیے اپنا اعزازی معاون خصوصی مقرر کیا۔فیض نقشبندی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و ستم کی داستان نہ صرف دل دہلا دینے والی ہے بلکہ اقوام عالم کے بنائے گئے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم برداشت کی حدوں سے تجاوز کر چکے ہیں۔ بچے، بوڑھے، جوان، مرد وخواتین غرض کوئی بھی بھارتی جارحیت سے بچ نہیں سکا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے سب سے بڑے دعویدار اور خود ساختہ علمبردار اور انسانی حقوق کی اہمیت پر مصنوعی راگ الاپنے والوں کو یہ بھی سوچنا چاہئے کہ کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت، آزادی رائے اور بنیادی حقوق کی فراہمی سے محروم کرنا اور بالجبر اپنا تسلط قائم کرنا کہاں کا انصاف ہے۔انہوں نے کہ کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے ہے،بھارت نے کشمیریوں کی سرزمین پر فوجی طاقت کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے اور ان کے حق خودارادیت کو صلب کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی بلائیں گے جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندگان کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی اس دن کا ایجینڈا صرف کشمیر ہو گا اور اس حوالے سے خصوصی قراداد منظور کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے مسلم امہ یکجا ہو کر کشمیریوں کیلیے آواز بلند کرے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک خاص کر ویٹو پاور کے حامل ملکوں میں کشمیر پر سفارتکاری تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت پر دبا بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام جو کہ ایک طویل عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے دنیا کو بھارتی جارحیت اور اپنی آزادی کے حصول کی تگ و دو سے آگاہ کر رہے ہیں، وہ کسی صورت بھی اپنے حقِ آزادی سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔بھارتی حکومت نے نہ صرف کشمیر پہ ناجائز تسلط قائم کر رکھا ہے بلکہ ہندو آبادکاری کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی سماجی حیثیت کو تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حقِ خو د ارادیت دینے کی بجائے بھارت اپنے قبضے کو قانونی بنانے کے لیے انتخابات اور کٹھ پتلی حکومتوں کا ڈھونگ رچاتا رہا ہے-تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی مسلسل جد و جہد نے دنیا کو حیران کیا ہے۔
سابق کنونئیر کل جماعتی حریت کانفرنس سید فیض حسین نقشبندی نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہم ملکر اس سمت میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے -اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، وزیر تعلیم سکولز و ٹیوٹا دیوان علی چغتائی، وزیر برائے فزیکل پلاننگ و ہاسنگ چوہدری یاسر سلطان، ممبر کشمیر کونسل شجاع خورشید راٹھورمعاون خصوصی راجہ سبیل ریاض و دیگر موجود تھے۔

واپس کریں