دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو صحافی کے خلاف الزام تراشی اور بد زبانی مہنگی پڑ گئی
No image اسلام آباد(کشیر رپورٹ)وزیر اعظم آزاد کشمیر کو جیو نیو ز کے صحافی حیدر شیرازی پہ انڈین انٹیلی جنس ایجنسی ' را ' سے پیسے لے کر ان سے سوال کرنے کا الزام مہنگا پڑ گیا، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ صحافی پر ' را' سے پیسے لینے کے الزام پہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شو کاز نوٹس جاری کیا جا رہا ہے اوراس معاملے پہ تحریک انصاف کی اعلی قیادت کو بھی مطلع کیا جا رہا ہے۔صحافی کے خلاف ناروا الزام پہ صحافیوں کی تنظیم وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف اسلام آباد میں ' ایف آئی آر ' بھی درج کرا رہی ہے۔'' جیو نیوز'' نے جمعہ کو پونے چھ بجے یہ خبر نشر کی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔اس دوران جیو نیوز کے صحافی حیدر شیرازی نے ان سے سوال کیا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف شریک نہیں ہوئے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں سے یکجہتی کی قرار داد پیش کرنا تھی، انہوں نے بھی پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت نہیں کی تو اس پہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اس صحافی سے '' را'' سے پیسے لے کر سوال کرنے کا الزام لگا یا۔جیو نیوز نے اپنی خبروں میں مزید بتایا کہ صحافی حیدر شیرازی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو وضاحتی سوالات بھیجے لیکن انہوں نے ان سوالات کے جواب نہ دیئے تاہم رات دو بجکر تیس منٹ پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ٹیلی فون پر صحافی حیدر شیرازی سے بد زبانی کی، جس کی آڈیو جیوز نیوز نے اپنی خبر میں بھی نشر کر دی۔جیو نیوز کی خبر یں مزید بتایا گیا کہ صحافی کے خلاف ناروا الزام پہ صحافیوں کی تنظیم وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف اسلام آباد میں ' ایف آئی آر ' بھی درج کرا رہی ہے۔
واپس کریں