دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس میں ترکی اور شام کے زلزلے سے شہید ہونے والوں کے لئے دعا اور اظہار یکجہتی
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)07 فروری 2023۔آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر قیادت منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں ترکی، شام اور دیگر علاقوں میں زلزلہ سے شہید ہونے و الوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکر نے ممبران اسمبلی سردار عبدالقیوم نیازی، میاں عبدالوحید اور سردار عامر الطاف پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تجویز دی کہ ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے تمام ممبران اسمبلی پانچ پانچ ایام جبکہ جملہ سرکاری ملازمین ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں۔ سابق وزیر اعظم کی تجویز سے جملہ ممبران اسمبلی نے اتفاق کیا۔ سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ ترکی نے آزادکشمیر میں 2005 میں ہونے و الے زلزلہ کے بعد متاثرین کی بحالی میں بہت مدد کی، اس حوالہ سے فنڈ قائم کیا جائے۔ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس حوالہ سے کشمیر ی تارکین وطن سے بھی اپیل کی جائے۔ممبراسمبلی حافظ حامد رضا نے کہا کہ مالی اعانت کے ساتھ ساتھ ترکی جانی اعانت بھی کی جائے۔ ممبرا سمبلی سردار حسن ابراہیم نے تجویز دی کہ عدلیہ بھی اس حوالہ سے 05 ایام کی تنخواہ دے۔ ممبرا سمبلی پیر مظہر سعید نے کہا کہ زلزلہ 2005 کے بعدسب سے پہلے ترکی ہماری مدد کو پہنچا۔ ممبران اسمبلی کو اپنے اپنے خرچہ پر ترکی جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سات ممبران اسمبلی کی وہاں اکاموڈیشن کا میں خود بندوبست کر سکتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا کہ ایوان میں موجود پارلیمانی پارٹی کے سربراہان کو مشکل حالات میں ترکی جانا چاہیے۔ ترکی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اپنا واضح موقف رکھا ہے۔ ترک صدر طیب اردوان 2005 کے زلزلہ کے بعد خود یہاں آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اور اپنے بیٹے عامر یسین کی ایک ماہ کی تنخواہ ترکی کے زلزلہ متاثرین کے لیے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ ممبران اسمبلی کی تجاویز پر رولنگ دیتے ہوئے سپیکر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ترکی و شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے حکومت سرکاری اکائونٹ قائم کرے گی اور اس فنڈ میں ممبران اسمبلی، سرکاری ملازمین اور عوام الناس رقوم عطیہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم امہ اور عوام سے اس اکانٹ میں رقم جمع کروانے کی اپیل کی جائے گی۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر ممبران اسمبلی ترکی جانا چاہتے ہیں تو ضرور جائیں۔ سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ سب ممبر ان اسمبلی کو مل کر ترکی سفارتخانے جانا چاہیے۔ وزیر صنعت و تجارت چوہدری مقبول گجر نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور میرپور چیمبر آف کامرس بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ممبراسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ خواتین ممبران اسمبلی بھی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ترکی کے متاثرین کی مدد کے لیے ممبران اسمبلی کے ساتھ ہیں۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کو نہیں روکا جا رہا۔ ممبرا سمبلی سردار جاوید ایوب نے کہا کہ کشمیر ہاوس کے اے بلاک میں جنا ب سپیکر کی رولنگ کے باوجود اسی طرح نظام چل رہا ہے۔ سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ اطلاعات کے مطابق 77 کے قریب گاڑیاں ٹرانسپورٹ پول میں واپس جمع ہو چکی ہیں۔ کشمیر ہاوس کے بلاک کے حوالہ سے ایک روز بعد کشمیر ہاوس میں ہی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

سپیکر آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیاز ی نے ترکی، شام اور لبنا ن میں ہونے و الے حالیہ زلزلہ کے حوالہ سے قرارداد پیش کی جسے ایوان نے اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں ہونے والے حالیہ زلزلہ میں بے پناہ جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتا ہے اور زلزلہ سے متاثرہ ترکی، شام اور لبنا ن کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے ترک بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ ایوان اس عظیم سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں 08 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے میں پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید تباہی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے اور قیمتی املاک تباہ ہوئی تھیں۔ زلزلے سے متاثرہ ہزاروں افراد کی بحالی ایک چیلنج تھا لیکن عالمی برادری، امت مسلمہ بالخصوص برادر اسلامی ملک ترکیہ نے دل کھول کر زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے امداددی اور یوں صوبہ خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی بحالی ممکن ہوئی۔ ہماری دینی تعلیمات کے مطابق مسلمان جسد واحد کی مانند ہیں۔ جسم کا ایک حصہ تکلیف میں ہو تو پورا جسم بے چین رہتا ہے۔ یہ ایوان عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے فور ی طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرین کی بحالی ممکن ہو سکے۔

سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بروز پیر 13 فروری تک ملتوی کر دیا۔



واپس کریں