دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا شہدائے پشاور کے 25لواحقین کو آزاد کشمیر پولیس میں نوکری دینے کا غیر قانونی اور آزاد کشمیر کی خصوصی حیثیت اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے پر مبنی اعلان
No image مظفرآباد ۔4 فروری2023 ( کشیر رپورٹ)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کی خصوصی حیثیت کو پس پشت ڈالتے ہوئے پشاور دھماکے کے شہدا کے 25 افراد کو آزادکشمیر پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیاہے۔آزاد کشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ کا قانون نافذ ہے جس کے تحت ریاست کشمیر سے باہر کا کوئی بھی باشندہ آزاد کشمیر میں سرکاری نوکری حاصل نہیں کر سکتا ،یوں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا شہدائے پشاور کے لواحقین کے 25افراد کو آزاد کشمیر پولیس میں نوکری دینے کا اعلان سراسر خلاف قانون ہے ۔بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی باشندوں کو سرکاری نوکریاں دینے اور وہاں آباد کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا ہے،یوں وزیر اعظم تنویر الیاس بھی اسی انداز میں آزاد کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے نظر آتے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پاکستان کے شہریوں کو آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمت دینے کا اقدام غیر قانونی ہونے کے علاوہ آزاد کشمیر کی خصوصی حیثیت کر نے اور کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پشاور بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیئے ڈھائی لاکھ اور زخمیوں کے لئے فی کس ایک لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔پشاور دھماکے میں کم از کم ایک سو افراد شہید اور تقریبا225زخمی ہوئے ہیں، یوں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے لئے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دی جانے والی رقم کی مالیت تقریبا پونے پانچ کروڑ روپے بنتی ہے۔کیا آزاد کشمیر کی ایسی مالی استطاعت ہے کہ وہ پونے پانچ کروڑ کی رقم اس حوالے سے دے سکے؟
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کے میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ زیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی خصوصی ہدایت پر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں انتظامات کر کئے گئے ہیں، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کل قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے،وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان وزیراعظم پاکستان اور کابینہ ارکان کا استقبال کریں گے،میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے پشاور دھماکے کے شہدا کے 25 افراد کو آزادکشمیر پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیا،وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے جذبہ خیر سگالی کو آئی جی خیبر پختونخواہ نے بے حد سراہا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے شہدا پشاور کے لواحقین کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے فی کس ایک لاکھ کا اعلان کیاہے۔انہوں نے کہا کہ کل پورے آزادکشمیر میں یوم یکجہتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی،ڈویژنز،اضلاع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات ہونگی۔
واپس کریں