دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان اور چین کے خلاف ہندوستان کے جنگی عزائم ، دفاعی جنگی بجٹ میں بڑا اضافہ کر دیا
No image نئی دہلی (کشیر رپورٹ )ہندوستان نے پاکستان اور چین کے خلاف اپنے جنگی عزائم کو تیز کرنے کے تناظر میں اپنے دفاعی بجٹ میں13 فی صد اضافہ کر دیا گیا ہے۔نئے مالی سال 2024-2023 کے لیے ہندوستان نے کل 45.03 ٹریلین روپے کے بجٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے اوراس میں سے، دفاع کے لیے 5.93 ٹریلین روپے کا یعنی کل بجٹ کا تقریبا 13 فیصد دفاع کے لئے مختص کیا گیا ہے۔وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے بدھ کوہندوستان کے بجٹ کا اعلان کا اعلان کیا۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اگلے مالی سال میں آرمی کے لیے گاڑیوں، مشینوں اور ایئر کرافٹ کی خرید اری میں اضافہ کیا جائے گا۔بجٹ تجاویز میں بارڈر روڈ ڈویلپمنٹ کے لیے مختص 4500 کروڑ روپے کو بڑھا کر 5000 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح آرمی کے تعمیراتی کاموں کے لیے مختص رقم 5596 کروڑ روپے کو بڑھا کر 6789 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ آرمی کے لیے ایئر کرافٹ اور ایرو انجن کے بجٹ کو 2070 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5500 کروڑ کر دیا گیا ہے۔البتہ فضائیہ کے لیے ایئر کرافٹ اور ایرو انجن کے لیے مختص بجٹ 18986 کروڑ رپے کو کم کرکے 15722 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ اگلے مالی سال میں فضائیہ کے لیے کوئی بڑی خریداری نہیں ہو گی۔مسلح افواج کے لیے بھاری اور متوسط گاڑیوں کے بجٹ کو 1817 کروڑ روپے سے بڑھا کر 3000 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔بحریہ کے لیے بھی بجٹ بڑھایا گیا ہے۔ بجٹ تجاویز کے مطابق بحریہ کے ساز و سامان کے لیے گزشتہ سال کے 6000 کروڑ روپے کو بڑھا کر 9500 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔اسی طرح ڈک یارڈ پروجیکٹ اور نیوی لینڈ اسکیم کا بجٹ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ہندوستانی حکومت نے چار سال کے لیے شروع کی گئی اگنی پتھ اسکیم کے لیے 4266 کروڑ رپے مختص کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آرمی کو 3800 کروڑ، بحریہ کو 300 کروڑ اور فضائیہ کو 166 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔
اسلحے کی خریداری کے لیے سرمائے کے اخراجات کے لیے بجٹ مختص 1.62 ٹریلین ہے، اور سٹوروں، اسپیئرز اور مرمت کے لیے محصولات کے اخراجات 2.70 ٹریلین روپے ہیں۔ہندوستانی فوج کے لیے سرمایہ کاری 320.15 بلین روپے سے بڑھ کر 372.41 بلین روپے ہو جائے گی۔ سروس ان فنڈز کو خصوصی ڈرونز، جنگی سازوسامان، چھوٹے ہتھیاروں اور ہلکے ٹینکوں کی خریداری اور موجودہ ٹینکوں اور بکتر بند اہلکاروں کے کیریئر کو اپ گریڈ کرنے کے لیے استعمال کرے گی۔
مبصرین کے مطابق دفاعی بجٹ میں بڑے اضافے سے معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان پاکستان اور چین کے خلاف اپنے جنگی عزائم کو تیز کررہا ہے اور اس سے جنوبی ایشیا میں اسلحے کی دوڑ تیز ہو گی اور جنگی خطرات میں بھی اضافہ ہو گا۔واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت گزشتہ کچھ عرصے سے تواتر کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پہ حملے کر کے قبضہ کرنے کے اعلانات کر رہی ہے۔

واپس کریں