دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ کشمیریوں کا یوم سیاہ ۔جمہوری اصولوں اور انسانیت کے ساتھ کھلا کھلواڑ
No image سرینگر(کشیر رپورٹ)بھارت میں ہر سال کی طرح اس سال بھی26جنوری کو یوم جمہوریہ سرکاری سطح پہ مختلف تقریبات کے انعقاد کے ساتھ دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔ بھارت اپنی آبادی کے حوالے سے خود کو دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت قرار دیتا ہے لیکن عملی طور پر بھارت میں جمہوریت کے نام پہ ہندوئوں کی اکثریت کی بنیاد پر غیر جمہوری طرز عمل کا غلبہ ہے جس میں اقلیتوں کے لئے زمین تنگ کرتے ہوئے ان کے خلاف عوامی اور سرکاری سطح پہ تشدداور ظالمانہ انسانیت سوز کاروائیوں کا ایک معمول بنا لیا گیا ہے۔
اگر متنازعہ ریاست جموں وکشمیر کے حوالے سے بھی دیکھیں تو بھارت کی جمہوریت کا دعوی ایک ڈھونگ کے طور پر ثابت ہو جاتا ہے۔ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھارت اور پاکستان کی پیشگی رضامندی سے مسئلہ کشمیر کو ریاست جموں و کشمیر کے باشندگان کی رائے شماری کے ذریعے حل کرنے کا عالمی فیصلہ کیا اور بھارتی حکومت نے بھی عالمی برادری اور کشمیریوں سے وعدہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی رائے شماری، کشمیریوں کی مرضی سے حل کیا جائے گا لیکن اس کے فوری بعد بھارت نے ریاست جموں وکشمیر کو جمہوری ، قانونی طور پر حل کرنے کے بجائے اٹوٹ انگ کی ہٹ دھرمی اور دھونس پر مبنی پالیسی اختیار کر لی اور کشمیریوں کو فوج اور ریاستی ظلم و جبر، تشدد سے دبانے کی مستقل پالیسی اختیار کر لی۔ آج کشمیریوں کے رائے شماری کے جمہوری حق کو دبانے کے لئے دس لاکھ سے قریب فوج گزشتہ تیس سال سے زائد عرصے سے نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز کاروائیوں میں مصروف ہے۔
یوں اگر عالمی جمہوری اصولوں کے حوالے سے بھی دیکھا جائے تو بھارت کی جمہوریت اکثریت کی انسانیت سوز کاروائیوں، فیصلوں کی دھونس اور ہٹ دھرمی پر مبنی نظر آتی ہے۔ اس طرح بھارت کی نام نہاد جمہوریت ، جمہوریت نہیں بلکہ انسانیت کے ماتھے پہ ایک سیاہ داغ کی حیثیت رکھتی ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہر سال بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ مناتے ہوئے اقوام عالم کے سامنے یہ معاملہ اٹھاتے ہیں کہ بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے متنازعہ ریاست جموں وکشمیر کے باشندگان کو کو غیر جمہوری طورپر اپنی فوجی طاقت اور ظلم و جبر، تشدد سے دبانے کی کوشش کرتے ہوئے جمہوری اصولوں ہی نہیں بلکہ انسانیت کے ساتھ کھلا کھلواڑ کر رہا ہے۔

واپس کریں