دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی طرف سے آزاد کشمیر کے مختلف مقامات کے نام تبدیل کرنے کا ناپسندیدہ، قابل مذمت اعلان
No image مظفر آباد(کشیر رپورٹ) اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کوہالہ کا نام تبدیل کرنے کی تیاری میں ہے اور جلد اس کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی توقع ہے۔ دیگر اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت آزاد کشمیر کی دیگر کئی جگہوں، مقامات کے نام بھی تبدیل کرتے ہوئے مختلف شخصیات اور اسلامی حوالوں کے ناموں پر رکھنے کی تیاری میں ہے۔ سوشل میڈیا پہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ایک پوسٹر بھی شائع کیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے دورے کے موقع پر نیلہ بٹ کا نام دارلحرب یا کوئی دیگرنام، کوہالہ کا نام سوہاوہ شریف، چیڑالہ کانام میجر لطیف خلیق اور تحصیل دھیر کوٹ کی شخصیات عبدالغفار خان، راجہ محمد آزاد خان، کرنل راجہ صدیق خان، کرنل عبدالرشید عباسی سمیت دیگر کئی شخصیات کے نام سے مختلف اداروں اور علاقوں کے نام منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے آزاد کشمیر کے مختلف مقامات کے نام تبدیل کرنے کی اس کوشش کی عوامی حلقوں کی طرف سے مخالفت کی جا رہی ہے اورپرانے ، تاریخی ناموں کو تبدیل کرنے کی کوشش اور رجحان کو غلط اور قابل مذمت اقدام قرار دیا ہے۔آزاد کشمیر کے مختلف مقامات کے نام تبدیل کرنے کی اس کوشش کے خلاف سوشل میڈیا پہ عوامی حلقوں کی طرف سے مہم تیز ہوتی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پہ آزاد کشمیر کے ایک شہری نے کمنٹ کیا ہے کہ '' مختلف مقامات کے پرانے نام تبدیل کرنے کے بجائے نئے پل، عمارتیں اور شاہرات تعمیر کرکے سارے پیروں فقیروں کے نام موسوم کردیں، لیکن تاریخ کو مسخ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی''۔
آزاد کشمیر میں پرانے، تاریخی ناموں کو تبدیل کرنا کسی طور پر مناسب بات نہیں بلکہ قابل اعتراض اور قابل مذمت ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کو مقامات کے پرانے نام تبدیل کرنے کا ناپسندیدہ اقدام نہیں کرنا چاہئے۔
واپس کریں