دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وفاقی حکومت کی بجٹ کٹوتی کی وجہ سے آزاد کشمیر میں تمام منصوبے التوا کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم تنویر الیاس
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)13جنوری2023۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا لازوال رشتہ ہے پاکستان ہمارے لیے اللہ کی نعمت ہے اور اس کا جھنڈا پوری دنیا میں ہماری پہچان کرواتا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے وسیع پوٹینشل موجود ہے جسے بروئے کار لا کر ریاست کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔سیاحت کے شعبہ کو ترقی دے کر ریاست کی معاشی حالت میں بہتری لائیں گے۔ یتیم و بے سہارہ بچوں اور پسے ہوئے طبقات کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے جس کے لیے ہماری کابینہ کوشاں ہے۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے جمعہ کے روز ساتھرہ پارک سے مظفرآباد شہر کا نظارہ کیا اور 80 فٹ لمبے فلیگ پولز کا افتتاح کیا جن پر پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔وزیراعظم نے سوشل ویلفئیر سنٹر مظفرآباد کا دورہ کرنے سمیت دیوار مہربانی اور ریور پارک کا بھی افتتاح بھی کیا۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کا پوٹینشل موجود ہے اور اس سلسلہ میں حکومت آزاد کشمیر اپنی جانب سے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ کٹوتی جیسے مسائل کا سامنا ہے جسکی وجہ سے ریاست بھر میں جاریہ تمام اہم منصوبہ جات التوا کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے عوام کی سیر و تفریح اور کھیلوں کے لیے پارکس اور کھیل کے میدان بنانے پر توجہ نہیں دی۔ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہم صحت و تعلیم کے ساتھ عوام کی سیر و تفریح کے لیے پارکس اور نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان بنائیں جسکے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔وزیرا عظم نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساتھرہ پارک کا باقی کام جلدی مکمل کرایا جائے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پارکس میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، عوام کے لیے واش روم بنائے جائیں، پارکس میں سگریٹ نوشی نہ کی جائے تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں پر ایک اچھا تاثر پیدا ہو۔
قبل ازیں جب وزیراعظم ساتھرہ پارک پہنچے تو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا، پاکستان اور آزاد کشمیر کے ملی نغمے پیش کیے گئے۔ وزیراعظم نے ساتھرہ پارک میں بہترین کام پر متعلقہ انتظامیہ کو 15 لاکھ انعام کا اعلان بھی کیا۔بعد ازاں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے دیوار مہربانی کا دورہ کیا اور ضرورت مندوں میں گرم کپڑے اور رضائیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت کے پیش نظر مخیر حضرات اس کار خیر میں دل کھول کر حصہ لیں۔ ہمیں بطور انسان اچھے کاموں کی طرف راغب ہونا چاہیے اصل زندگی ہی دوسروں کے کام آنا ہے۔شہر اقتدار کے مخیر حضرات دیوار مہربانی کو کامیاب بنانے کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔ ہمارا معاشرہ اور اسلامی تعلیمات میں انسانیت کی خدمت کو سب سے افضل قرار دیا گیا ہے۔ ہم سب کا فرض ہے کہ اس دیوار کو سر سبز رکھیں اور صاحب حیثیت لوگ دوسروں کے لیے معاون ثابت ہوں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے سوشل ویلفئیر سنٹر مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں سیکریٹری محکمہ اعجاز خان نے انہیں اس سنٹر میں یتیم و بے سہارہ بچوں و دیگر افراد کی کفالت بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یتیم و بے سہارے بچے اور پسے ہوئے طبقات کی مدد کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری سوشل ویلفئیر ان پسے ہوئے افراد کی مزید مدد کیلئے تجاویز مرتب کرتے ہوئے حکومت کر پیش کریں تاکہ اس سنٹر کو مزید سہولیات دینے سمیت ریاست بھر میں موجود تمام ضرورت مند افراد کی مدد کر ممکن بنایا جا سکے۔ ان تقریبات کے مواقعوں پر وزرا حکومت،معاونین خصوصی ،ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔
واپس کریں