دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم تنویر الیاس کی اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات،اپوزیشن رہنمائوں کی اسمبلی میں بھر پور معاونت اور صدر پاکستان کے ظہرانے میں شرکت کی یقین دہانی، خوشگوار ماحول میں بات چیت
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)12 جنوری 2023۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی اپوزیشن چیمبر آمد،اپوزیشن ممبران سے ملاقاتیں، یوم یکجہتی کشمیر کے دن کو قومی و عوامی سطح پر ملکر منانے سمیت جملہ ایشوز کو باہمی بات چیت کے ذریعے یکسو کرنے اور مل کر چلنے پر اتفاق،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی اجلاس کے وقفہ کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان اچانک اپوزیشن چیمبر پہنچے جہاں پر اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر،سابق وزیراعظم و رکن اسمبلی راجہ فاروق حیدر،صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر و رکن اسمبلی چوہدری محمد یسین سمیت تمام اپوزیشن ممبران اسمبلی نے ان کا استقبال کیا،وزیر اعظم کے ہمراہ حکومتی اراکین اسمبلی بھی موجود تھے،اس موقع پر وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان اور اپوزیشن اراکین اسمبلی میں انتہائی خوشگوار ماحول میں تفصیلی بات چیت ہوئی،اپوزیشن ممبران اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات کے شفاف انعقاد پر وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کے کردار کی تعریف کی اور ہائوس کے امور میں اپوزیشن کی طرف سے حکومت کی بھر پور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت لازم و ملزوم ہیں،آج ایوان کی جن نشستوں پر ہم بیٹھے ہیں ان پر آپ سینئر سیاستدان متعدد بار بیٹھ چکے ہیں،یہ نشستیں کسی کی میراث نہیں ہے، ایوان کے اندر اپوزیشن جو کردار ادا کر رہی ہے وہ جاری و ساری رکھے،ہم سب ایک گھر کے لوگ ہیں،اس ایوان کو ہم نے مل کر چلانا ہے،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ وفاق میں کسی بھی پارٹی کی حکومت قائم ہو ہمارا ریاست پاکستان کے ساتھ رشتہ سیاست کا نہیں بلکہ ریاست کا ہے،سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کا دن نزدیک ہے اس تاریخی دن کے موقع پر صدر پاکستان یا وزیر اعظم پاکستان میں سے جو بھی آزادکشمیر تشریف لانا چاہیئں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے،سردار تنویر الیاس خان نے اپوزیشن ممبران اسمبلی کو دعوت دی کہ صدر پاکستان آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبران کے اعزاز میں اسلام آباد میں ظہرانہ دینا چاہتے ہیں ہماری خواہش ہے کہ جملہ ممبران اسمبلی ان کے ساتھ ظہرانے کی نشست پر بیٹھیں۔اس پر اپوزیشن رہنماوں نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،ملاقات میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سے آزادکشمیر میں طلبہ یونین کی بحالی کی درخواست کی جس پر وزیر اعظم نے انہیں اس معاملے پر مشاورت سے عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر سردار تنویر الیاس خان اور اپوزیشن رہنماوں میں انتہائی خوشگوار ماحول میں گفت و شنید ہوئی۔جسے تمام ممبران اسمبلی نے خوب سراہا۔
اس موقع پر اپوزیشن کے ممبران اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان، سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان،اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین،جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار حسن ابراہیم، اراکین اسمبلی سردار جاوید ایوب، میاں عبدالوحید، فیصل ممتاز راٹھور، جاوید بڈھیانوی، عامر الطاف اور نثارہ عباسی موجود تھے جبکہ اس موقع پر حکومتی اراکین اسمبلی ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، سردار محمد حسین، چوہدری محمد اخلاق،حافظ حامد رضا، سردار فہیم اختر ربانی، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری رفیق نئیر بھی موجود تھے۔
واپس کریں