دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیرا عظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی بارشوں، برفباری کے دوران متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایت
No image اسلام آباد (پی آئی ڈی)11 جنوری 2023۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران محکمہ شاہرات،سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ برقیات، محکمہ خوراک اور اضلاع کی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نیلم،لیپہ اور حویلی کہوٹہ کے دور افتادہ علاقوں میں غذائی ضروریات کی اشیا میں کمی نہیں آنی چاہیئے۔ لینڈ سلائیڈ یا کسی بھی قسم کی قدرتی آفت اور حادثے کے نقصان سے بچنے کے لئے عوام الناس اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے بارشوں اور پہاڑوں پر ہونے والی برفباری کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انتظامیہ کو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے بارشوں اور برفباری کی صورتحال پر احکامات جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ شاہرات، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں کا معائنہ کر کے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے وزیر اعظم آفس کو آگاہ رکھا جائے۔ تمام رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جائیں اور شہریوں کو شاہرات کی صورتحال سے اپ ڈیٹ رکھا جائے۔لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں پر مشینری کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جگہ بارشوں اور برفباری سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے تو فوری طور پر متاثرین کو ریلیف و امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے محکمہ برقیات کو ہدایت کہ بارش اور برفباری کے دوران لائنوں پر ہونے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں خطرناک مقامات کا افسران ذاتی طور پر معائنہ کرکے انہیں فی الفور ختم کریں تاکہ موسم برسات میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے انہوں نے محکمہ خوراک کو بھی ہدایت کی کہ دور افتادہ علاقوں میں آٹے سمیت غذائی ضروریات کی اشیا بارے کوئی کمی نہیں آنی چاہیئے۔
واپس کریں