دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
لغو '' ایف آئی آر ''کے اندراج کے خلاف آزاد کشمیر اسمبلی میں مذمتی قرار داد
No image مظفر آباد۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سمیت ملک کی معتبر شخصیات کے خلاف غداری اور بغاوت کے لغو الزامات کے خلاف آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرار داد سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر وزیر حکومت احمد رضا قادری و دیگرنے جمع کرائی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ''آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ فاروق حیر خان،پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت، دو سابق وزرائے اعظم،سابق وفاقی وزراء اور ریٹائرڈ سینئر جرنیلوں کے خلاف لاہور کے ایک تھانہ میں درج کئے جانے والے ریاست پاکستان سے غداری اور بغاوت کے الزام پر قائم مقدمہ کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ اس ایوان کے نظر میں یہ مقدمہ ریاست پاکستان اور کشمیریوںکے لازوال رشتے کو گزند پہنچانے کی مذموم سازش ہے۔اس مقدمے کی وجہ سے جہاں اندرون ملک آئین کے پابند اور جمہوریت پسند عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،وہیں آزاد کشمیر،مقبوضہ جموں وکشمیر اور بیرون ملک لاکھوں کشمیریوں میں اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ اس مقدمے سے مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے اصولی موقف کو شدید نقصان پہنچا ہے۔یہ مقدمہ پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچانے کا سبب ہے جو ناعاقبت اندین عناصر کے ذہنوں کی اختراع ہے۔اس مضحکہ خیز مقدمہ سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پہ جگ ہسائی ہوئی ہے۔''
۔حکومتی و اپوزیشن اراکین کی طرف سے شدید الفاظ میں ایف آئی آر کی مذمت کی گئی۔ چوہدری یاسین قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرکہ ہندوستان کو خوش اور پروپیگنڈا کرنے کا موقع دیا گیا ،حکومت پاکستان فوری طور پر ایف آئی آر واپس لے، سیاسی کارکنوں کی تضحیک بند کی جائے۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا کہ ریاست کے منتخب وزیراعظم کے خلاف ایک نامعلوم شخص کی ایف آئی آر درج کرنے کے پیچھے حکومت ہے ۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ماجد خان نے کہا کہ ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں اس میں حکومت پاکستان کا کوئی کردار نہیں۔ سینئر وزیر طارق فاروق چودھری نے کہا کہ ابھی تک اس پر حکومت پاکستان کی جانب سے کوئی سرکاری اعلامیہ اس پر نہیں آیا ،اس طرح کے عناصر کی حب الوطنی مشکوک ہے بلکہ وہ قابل مواخذہ ہیں ۔رکن اسمبلہ نسیمہ وانی نے کہا کہ یہ ایف آئی آر درج کر کہ کشمیریوں کو کس بات کا تمغہ دیا گیا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں اس ایف آئی آر سے کیا پیغام بھیجا گیا ہے۔وزیر احمد رضا قادری نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کی پاکستانیت پر شک کرنے والا خود سب سے بڑا غدار ہے ۔
واپس کریں