دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزادکشمیر میں نظریاتی اور فکری ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔وزیر اعظم تنویر الیاس
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)3 جنوری 2023ء۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر اس وقت نظریاتی اور فکری ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ملک دشمن قوتیں خطہ کے اندر سیاسی انتشار کے ذریعے مخصوص مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں، ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں،انہی قربانیوں کے نتیجہ میں ملک کا ہر شہری رات کو سکون کی نیند سوتا ہے، پاک فوج کی جانی قربانیوں کی وجہ سے ہی ملک کے اندر تحفظ کا احساس ہے۔پاک فوج واحد ادارہ ہے جو قوم کے ہر فرد کی امنگوں اور آرزﺅں کا محافظ ہے۔اس وقت آزادکشمیر کے خطہ کے اندر نظریاتی تخریب کاری کی مذموم کوششیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔تحریک انصاف کی حکومت اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کررہی ہے۔یہاں کارکنوں کے ایک نمائندہ وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہماری منزل پاکستان ہے جس کا تعین 70سال پہلے ہمارے اسلاف نے کیا تھا اس منزل کے حصول کے لیے قربانیوں کا سفر جاری ہے اور جب تک منزل کا حصول نہیں ہوتا یہ سفر جاری رہے گا۔سردار تنویر الیاس خان نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آزادکشمیر کے اندر نظریاتی اور فکری ہم آہنگی کے لیے کام کریں اور گھر گھر اتحاد ویکجہتی کا پیغام پہنچائیں۔اتحاد کے ذریعے ہی ہم دشمن کو شکست دے سکتے ہیں،ملک دشمن قوتیں انتشار اور خلفشار پھیلا کر ہمارے مستقبل سے کھیلنے کے لیے کوشاں ہیں۔اس وقت نوجوانوں پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کیونکہ یہ ہمارا مستقبل ہیں اور آنے والے وقت میں ریاست کی ذمہ داریاں ان پر ہی عائد ہوگی۔سردار تنویر الیاس خان کا مزید کہنا تھا کہ وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق آزادکشمیر کے اندر سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔بعض شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے حکومت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں،آزادکشمیر حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے،تحریک انصاف میں مکمل اتحاد ویکجتہی موجودہے،تمام ممبران اسمبلی جماعتی ڈسپلن کے پابند ہیں اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی مینڈیٹ کے مطابق آزادکشمیر کی عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دینے میں مصروف ہیں۔سردار تنویر الیاس خان نے خبردار کیا کہ آزادکشمیر ترنوالہ نہیں ،دشمن یاد رکھیں کہ اگر آزادکشمیر کی طرف کسی نے بری نظر سے دیکھا تو اس کے نتائج سنگین ہونگے۔

واپس کریں