دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کی وڈیو تقریر
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)یکم جنوری 2023۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی حکومت کا تاریخ ساز کار نامہ ہے۔ چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے اس خطے کو مدینہ کی فلاحی ریاست کا آئینہ دار بنائیں گے۔ آزادکشمیر میں 32 سالوں سے بلدیاتی الیکشن کا انعقاد نا کیا جانا ایک بڑا المیہ تھا جس سے جہاں آزادکشمیر میں جمہوری نظام عملاً مفلوج ہوا وہیں لائن آف کنٹرول کے اس پار کے کشمیریوں کے لیے بھی اورہمارے لیے بھی اس سوال کا جواب دینا مشکل ہو رہا تھا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں کروایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر کی موجودہ حکومت کے سات ماہ کی کارکردگی تاریخی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کا پُرامن انعقاد سال 2022 کی تاریخی کامیابی ہے جس کے نتیجے میں اقتدار عام آدمی تک منتقل ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے سال2023 کے آغاز پر عوام سے لائیو ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگوں نے مجھے اپنی آس کہا اور میں نے اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ التجاء کی ہے کہ لوگوں کے اندر مجھ سے وابستہ آس کبھی نہ ٹوٹے۔عوام کی فلاح کے لیے پورے اخلاص سے کوشش کی ا ور اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ اپنی مدد کی دعا کی ہے۔ گزشتہ سات ماہ کے دوران ہم نے آزادکشمیر کے عوام کی فلاح کے لیے جو بھی اقدامات کیے اس میں میری ذات کی اہلیت یا ہنر کا کوئی کمال نہیں تھا بلکہ یہ محض اللہ رب العزت کا فضل و کرم تھا کہ اس نے ہمیں یہ توفیق دی کہ ہم عوام کے لیے کچھ کر سکیں۔ نبی پاک ؐکے در، اُنکی آل اور سیدہ فاظمۃ الزھرہ ؓ کی دہلیز کے ساتھ ہم نے جو نسبت جوڑی وہ ہر لمحہ ہمارے کام آئی۔ دنیا کے سامنے دکھلاوہ اور ریایہ کاری ہو سکتی ہے لیکن اللہ کے سامنے ایسا ہر گز نہیں ہو سکتاکیونکہ وہ دلوں کے راز بخوبی جانتا ہے۔ اللہ رب العزت کی ذات بخوبی واقف ہے کہ میں ہمیشہ لوگوں کے ساتھ اخلاص اور بھلائی کا معاملہ رکھتا ہوں۔ لوگوں کے لیے اچھا سوچتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر دنیا کے اندر فلاحی ریاستیں بن سکتی ہیں تو آزادکشمیر ایک مکمل فلاحی ریاست کیوں نہیں بن سکتا۔ انشاء اللہ آزادکشمیر اور پاکستان دونوں بہترین فلاحی ریاست بنیں گے۔ ریاست مدینہ کا بنیادی تصور ایک مساویانہ نظام کا قیام ہے جس کامطلب یہ ہے کہ ہر چیز کو اس کے مقام پر رکھا جائے۔ تعلیم،صحت اور روزگار کا مہیاہونا ایک مساویانہ نظام کے قیام کی طرف پیش رفت ہے۔ عوام الناس کو ان کے تمام بنیادی حقوق کی فراہمی سے فلاحی ریاست معرض و جود میں آتی ہے۔ چیئرمین عمران خان نے ریاست مدینہ کے تصور سے لوگوں کو روشناس کیا۔ سال 2022 میں چند ماہ کے مختصر حکومتی دورانیہ میں ہم نے وہ کام کیا جو ماضی کی حکومتیں 25 سالوں میں نہیں کر سکیں تھی۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران آزادکشمیر کی عوام، پولیس اور سول بیوروکریسی کا جو کردار رہا وہ قابل ستائش تھا۔ تمام حکومتی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واپس کریں