دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان انفارمیشن سینٹرز کے زیر اہتمام آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز
No image اسلام آباد (کشیر رپورٹ)وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کا خصوصی اقدام، پاکستان انفارمیشن سینٹرز کے زیر اہتمام کراچی سے گلگت بلتستان تک ملک بھر کے صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں خبروں کی صداقت، جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کے عنوان سے مورخہ 28 اور 29 دسمبر کو دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، کراچی ، مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں 20 سے زائد تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں جن میں 1500 کے قریب پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ نو آموز اور مڈ کیریئر صحافی حضرات کو صحافت میں جدید رحجانات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔پاکستان انفارمیشن سینٹر کے قیام کا مقصد ملک بھر کے صحافیوں کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے۔ قبل ازیں جون 2022میں پاکستان انفارمیشن سینٹر کی جانب سے مختلف موضوعات پر ملک بھر میں 16 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا تھا جن میں 700 سے زائد صحافیوں کو تربیت فراہم کی گئی۔ صحافتی حلقوں خصوصا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس و دیگر صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی وزارت اطلاعات و نشریات کے اس اقدام کو سراہا گیا ہے۔
ان تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا سلسلہ نہ صرف صوبائی دارالحکومتوں بلکہ ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص اندرون بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دور دراز علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں مقیم صحافیوں کو بھی تربیتی ورکشاپس سے مستفید ہونے کا موقع میسر آ سکے۔ پاکستان انفارمیشن سینٹر کی جانب سے اگلے چند دنوں میں انویسٹی گیٹو جرنلزم، ڈیجیٹل میڈیا ایتھینٹی سٹی، فیک نیوز اور ڈاکومنٹری میکنگ جیسے اہم موضوعات پر تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ان تربیتی ورکشاپس میں سینئر جرنلسٹس، میڈیا امور سے متعلق ماہرین، ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹس کے فیکلٹی ممبران سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور انہیں بطور ٹرینر ان ورکشاپس میں مدعو کیا جا رہا ہے۔
واپس کریں