دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کی صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات،5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی، کونسل کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت
No image اسلام باد ( کشیر رپورٹ) سینئر وزیر و وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد کی صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات، سینئر وزیر کی طرف سے صدر مملکت کو 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان جدوجہد آزاد ی میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر حسب روایت جوش و جذبے کے ساتھ قومی سطح پر منایا جائے گا، اہل پاکستان کشمیریوں سے عملی یکجہتی کے لیے ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے نام سے قومی دن کے طور پر مناتے ہیں، پاکستانیوں اور کشمیریوں کا نظریاتی اور روحانی رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی حق پر مبنی ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کو عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے، پاکستان ہمیشہ ہی کشمیریوں کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کی حمایت کر تا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد اور حق خودارادیت کی اس وقت تک حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔
اس موقع پر سینئر وزیر و وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور وکیل ہے، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی وکالت کی ہے، قائد پاکستان عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاندار اور جرت مندانہ کردار ادا کیا۔ سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں قائد پاکستان نے بھارت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بیس کیمپ میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے، تحریک آزادی کشمیر تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔
واپس کریں