دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور بلدیاتی انتخابات کرانے کے وعدے پورے کردیئے،احتساب کا وعدہ جلد پورا ہو گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری صدر آزاد کشمیر
No image میر پور (پی آئی ڈی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے جب صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تو میں نے اپنی تقریر میں عوام سے تین وعدے کیے تھے جن میں سے دو میں نے پورے ر دیے ہیں جن میں سے ایک مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا جبکہ دوسرا آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تھا۔ تیسرا وعدہ آزاد کشمیر میں احتساب کرنا اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ انشا اللہ یہ وعدہ بھی جلد ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ میں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اجاگر کیا۔ میں نے امریکہ، برطانیہ، یورپ، مشرق وسطی کے تفصیلی دورے کیے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا مقدمہ رکھا۔ دنیا اب مسئلہ کشمیر کو سمجھ چکی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل چاہتی ہے۔ اس بات کا سارا کریڈٹ بیرون ملک آباد کشمیریوں بالخصوص، برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر اجاگرکرنے میں میرا بھرپور ساتھ دیا۔ میرپور کی عوام نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور مجھے یہاں سے نو دفعہ ممبر اسمبلی منتخب کیا اور اب میرے بیٹے چوہدری یاسر سلطان کو بھی یہاں سے ممبر اسمبلی منتخب کیا ہے لہذا اب میری بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ میں یہاں میرپور کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرواں، ہم کوشش کریں گے کہ آزاد کشمیر میں تعمیرو ترقی کا عمل تیز ہو اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں میرپور میں اپنے دیرینہ ساتھی شیخ ارشد برقی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ ارشد برقی نے اپنے خطاب میں صد رریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرنے کے لیے ان کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری ریشہ دوانیوں کا جواب دینے کے لیے عالمی دورے کیے جس میں میں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم کے خطاب کے دوران کشمیریوں کے مظاہرے شرکت اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں، اسی طرح واشنگٹن میں امریکی نائب وزیر خارجہ اور دیگر امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں اور واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے میں بھی شرکت کی جبکہ میں نے اسلام آباد میں او آئی سی کے وزیرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب اور او آئی سی کشمیر کانٹیکٹ گروپ میں بھی کشمیری عوام کا نقطہ نظر پیش کیا جبکہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی دعوت پر او آئی سے کے ہیڈ کوارٹر جدہ کا دورہ کر کے ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ اسی طرح میں نے برطانوی پارلیمنٹ اور یورپ کے دورے کر کے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھایا۔ میرے ان دوروں کے دور رس اور خاطر خواہ نتائج سامنے آئے اور اب انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیریوں کا موقع سمجھ چکی ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتی ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے وقت عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے بیشتر پورے کر دیئے ہیں جس میں سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنا اور آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جیسے وعدے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں احتساب کے عمل کا آغاز اور کرپشن کے خاتمہ کا وعدہ بھی جلد شرمندہ تعبیر ہوں گے۔
واپس کریں