دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس کی کاروائی
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)21دسمبر2022۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبراسمبلی مولانا پیر مظہرسعید نے بنوں میں ہشتگردی کے واقعہ کے شہدا کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلدصحت یابی اوردیگرفوت شدگان کیلئے ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے قربانیاں دینے پر افواج پاکستان کے شہدا کے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔مسلح افواج پاکستان نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر انسانی جانوں کو بچایا۔انہوں نے کہاکہ بنوں دہشتگردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق آزادکشمیر کے علاقے سماہنی سے تھا۔ سابق وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے کہاکہ یہ ایوان پوری ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ ایوان ہے۔ ایوان کے تقدس کا خیال رکھا جائے اور اپوزیشن اور حکومتی ممبران اجلاس میں بروقت حاضری کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر ہائر ایجوکیشن ظفراقبال ملک نے قائد حزب اختلاف کے سوال پر ایوان کو بتایاکہ آزادجموں وکشمیریونیورسٹی میں مستقل فیکلٹی ممبرز کی تعداد254ہے جن میں سیآخری پانچ سال بذریعہ سلیکشن کمیٹی تعینات ہونے والے92ہیں۔ کنٹریکٹ فیکلٹی ممبرز کی تعداد 37ہے اور آخری پانچ سالوں میں 31تقرریاں کی گئیں جن میں سے بذریعہ اشتہار15تقرریاں ہوئیں۔ عدالت العالیہ کے حکم امتناعی کے باعث مشتہر شدہ ان آسامیوں پر سلیکشن بورڈ منعقد نہ ہوسکا۔ کل مستقل ایڈمنسٹریٹو سٹاف578 ہے جن میں سے آخری پانچ سال بذریعہ سلیکشن کمیٹی تعینات ہونے والوں کی تعداد80ہے۔ کل کنٹریکٹ انتظامی سٹاف62ہے جن میں سے آخری پانچ سالوں میں 35افراد تعینات ہوئے اور10بذریعہ اشتہار، سلیکشن بورڈ/سلیکشن کمیٹی جبکہ مشتہر شدہ آسامیاں 25ہیں اورعدالت العالیہ کے حکم امتناعی کے باعث سلیکشن کمیٹی نہ ہوسکی۔کلCPSملازمین کی تعداد119ہے، آخری پانچ سالوں میں بذریعہ اشتہار، سلیکشن بورڈ/سلیکشن کمیٹی94تقرریاں ہوئیں۔ پارٹ ٹائم /وزیٹر لیکچررز کو تحت ضابطہ معاوضہ جات کی ادائیگی کی جاچکی ہے چند اساتذہ کرام کو مالی سال2021-22ختم ہونے کے باعث ادائیگی نہیں کی جاسکی جو کہ نیا بجٹ جاری ہونے کے بعد کردی جائے گی۔ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں CPCپر تعینات ملازمین کو جس رضامندی شعبہ مالیات ومنصوبہ بندی مالی پوزیشن/دستیاب فنڈز کے مطابق بالمقطع مشاہرہ مبلغ13,000/-، 14,000/-،17,000/-15,000/-روپے کی ادائیگی کی جارہی ہے۔ تا ہم موجود بجٹ (F&P)کی میٹنگ جو کہ 18-08-2022کو ہورہی ہے، میں CPSپر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کیئے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ممبراسمبلی سردارجاوید ایوب کے سوال پر وزیر تعمیرات عامہ شاہرات چوہدری اظہرصادق نے ایوان کو بتایاکہ سڑکوں پر تعمیراتی کام بجٹ کی کمی، ٹھیکیداروں کی جانب سے ریٹ کے معاملہ اور بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے تعطل کا شکار تھا جس کو جلد شروع کیا جارہا ہے۔ سڑکوں پر بلیک ٹاپنگ کی Thicknessکو1.5کر دی گئی ہے جہاں نالی اور ٹاپنگ کی ضرورت ہے اس کو بھی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ قلیوں کے مسائل کے حل کیلئے انکا علیحدہ ہیڈ بنایا دیا گیا ہے۔
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد نے30دسمبر جمعتہ المبارک صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا۔

آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے ممبر اسمبلی سردارجاوید ایوب کے ایم این سی ایچ ملازمین بارے توجہ دلا نوٹس پر کہا کہ ایم این سی ایچ ملازمین کا معاملہ اہم نوعیت کا ہے جس کو حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں اور اس حوالہ سے وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان کی مشاورت سے معاملہ کو حل کریں گے۔
گزشتہ روزاسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلا نوٹس پیش کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سردارجاوید ایوب نے کہا کہ MNCHPمدرنیونیٹل اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام 2006میں وفاقی حکومت کے تعاون سے آزادکشمیر میں شروع ہوا اس پروگرام کے تحت کمیونٹی کو ماں اور بچے کی صحت کے حوالہ سے مثالی صحت کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔ آزادکشمیر میں 1218سے زائد افراد پر مشتمل سٹاف جو 24گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے، پچھلے چار ماہ سے سٹاف کو سیلری بھی نہیں ملی ہے۔ پاکستان کے تمام صوبہ جات میں 2021سے MNCHPکا سٹاف نارمل میزانیہ پر کام کر رہا ہے۔ سردارجاوید ایوب نے کہاکہ آزادکشمیر میں MNCHPسٹاف عارضی بنیادوں پر آٹھ ہزار روپے سیلری پر کام کر رہا ہے۔جون 2022میں MNCHPسٹاف کو ملازمت سے فارغ کرنے کا نوٹس دیا گیا کہ آپ کو 30جون2022سے ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔ اس پر MNCHPملازمین نے آزادکشمیر اسمبلی گیٹ پر دھرنا دیا جو تقریبانو دن جاری رہا۔ پھر حکومت وقت کے وزیر صحت دھرنے میں تشریف لائے اور MNCHPسٹاف کے ساتھ وعدہ کیا کہ دھرنا ختم کریں آپ کو مستقل کریں گے اور تنخواہ کی بھی ادائیگی کریں گے۔ لیکن تاحال نہ ہی ملازمین کے ساتھ مستقل کرنے کا وعدہ پورا کیا گیا اور نہ ہی چار ماہ سے بقایا تنخواہ کی ادائیگی کی گئی۔لہذا MNCHPکے ملازمین جو آزادکشمیر میں صحت عامہ کے مختلف ہسپتالوں /سینٹرز پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ان ملازمین کو حکومت آزادکشمیر چار ماہ سے بقایا تنخواہ کی ادائیگی کرے اور ان ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین نے کہاکہ حکومت اس اہم نوعیت کے معاملے کو جلد از جلد حل کرے۔
قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سید بازل علی نقوی نے توجہ دلاو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جنگلات نے حکم زیر نمبر 4136-37مورخہ 11-11-2022کے تحت بمقام کنڈاں ائیر پورٹ روڈ پر 70 کنال اراضی حاصل کی ہے اور فی کنال سالانہ مبلغ 6 لاکھ 65ہزار کرایہ کی مد میں ادائیگی ہو رہی ہے۔ لیکن اس وقت تک وہاں پر لکڑی کی سپلائی نہیں ہورہی ہے۔ لہذا اہلیان مظفرآباد کی ضرورت کے پیش نظر فی الفور UTمظفرآباد لکڑی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔



واپس کریں