دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں ایک مخصوص گروہ بے بنیاد باتیں غلط طور پر مجھ سے منسوب کر رہا ہے،کشمیریوں کو سفارتی سطح پہ کردار دیا جائے، راجہ فاروق حیدر خان
No image مظفرآباد (کشیر رپورٹ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہماری منزل پاکستان ہے جس کا تعین ہمارے آبائو اجداد نے کیا تھا ، آئے روز ان سے ایسی باتیں منسوب کی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، میرا مؤقف اور دوٹوک اور واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کا بیرون ملک کام کشمیری قیادت کو سونپا جائے تو اس کے بہتر نتائج سامنے آ سکتے ہیں کیوں کہ عالمی سطح پر مسئلہ کے بنیادی فریق کو اہمیت دے کر سنا جاتا ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کو تسلیم کرنے سے ہی مسئلہ کشمیر پر مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے ، او آئی سی میں کشمیریوں کو مبصر کی سطح پر نمائندگی ملنی چاہیے ، خود مختار کشمیر کا حامی تھا نہ ہوں ، مجھ سے منسوب اخباری خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے ، حقیقت یہ ہے کہ میں نے کسی اخبار کو انٹرویو دیا ہی نہیں ، ایک ریڈیو پروگرام میں سوال کیا گیا تھا جس کے جواب میں میں نے کہا کہ مسئلہ سفارت خانہ کھولنے کا نہیں ، او آئی سی میں بطور آبزرور نمائندگی کا ہے ۔
قانون ساز اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ یہ بات میں کوئی پہلی دفعہ نہیں کہہ رہا بلکہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ جب تک کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی ذمہ داری نہیں سونپی جاتی بیرون ملک ہمیں حمایت نہیں مل سکتی ۔ میں ریاست کا 5 سال وزیراعظم رہا ہوں ، نظریاتی سیاسی کارکن ہوں اور میری منزل کا تعین میرے آبائواجداد نے کیا تھا ، ہم نے پاکستان کے لیے جان و مال کی قربانی دی اور ہماری ایک نسل آج بھی قربانیوں کے اس سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ کچھ لوگ مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مجھ سے ایسی باتیں منسوب کر رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، میری ذات کو متنازعہ بنا کر اگر کسی کو کچھ حاصل ہوتا ہے تو بے شک کرتا رہے ، میرا مؤقف ہمیشہ سے دوٹوک اور واضح رہا ہے ، ہم اپنی خواہش اور پسند سے پاکستانی ہیں اور ہمیں حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ، موجودہ صورتحال میں آزاد کشمیر کے اندر ایک مخصوص گروہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل اور سیاسی منظر نامے پر اپنی گنجائش پیدا کرنے کے لیے خلاف حقائق ، من گھڑت اور بے بنیاد باتیں مجھ سے منسوب کر رہا ہے ، ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہوں ۔
واپس کریں