دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس ، آزادی چوک ختم نہیں کیا گیا،ٹرانسفر پالیسی،کیڈٹ کالج چھتر کلاس میں بھرتیاں،میر پور سڑکوں کی تعمیر و دیگر امور پر وقفہ سوالات میں جوابات
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)20دسمبر2022۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں مشیر حکومت برائے مذہبی امور واقاف حافظ رضا نے گزشتہ عرصہ کے دوران وفات پاجانے والے جملہ فوت شدگان کے بلندی درجات کیلئے ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔
اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر وزیر بلدیات ودیہی ترقی و ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد خواجہ فاروق احمد نے ایوان کو بتایاکہ آزادی چوک نزد سہیلی سرکار دربار کو ختم نہیں کیا گیا بلکہ دربار شریف کی مناسبت سے قل شریف اس جگہ نصب کی گئی ہے۔ آزادی چوک یادگار کو اسی جگہ نمایاں مقام پر نصب کیاجارہا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور غزالی صاحب جو حریت کانفرنس کے نمائندہ ہیں، کی مشاورت سے یہ عمل تکمیل کروایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر کی ہدایات کی روشنی میں مظفرآباد شہر کی تزئین وآرائش اورUplifitingکی جارہی ہے۔ آزادی چوک میں نصب Sign of Victoryزیبائشی پودہ جات میں چھپ گیا تھا اور نمایا ں نظر نہیں آرہا تھا، کو اسی مقام پرRound aboutپر نمایاں جگہ پر نصب کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے کہیں کمی بیشی ہے تو مشاورت سے دور کردیں گے۔
وزیر ہائرایجوکیشن ظفراقبال ملک نے کہاکہ محکمہ ہائرایجوکیشن میں ٹرانسفر پالیسی کو مزید بہتر کررہے ہیں جبکہ کالجز میں درکارسٹاف کی کمی کوپورا کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کے سوال پر وزیر ہائرایجوکیشن نے ایوان کو بتایاکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چوک صاحباں ضلع کوٹلی میں مورخہ12.10.2022کو مسٹر محمد یونس ایسوسی ایٹ پروفیسر کو مستقل بنیادوں پر پرنسپل تعنیات کردیا گیا ہے۔ کل آسامیوں کی تعداد11ہے۔ موجودہ تعینات شدہ کالج اساتذہ کی تعداد07ہے اور 04آسامیاں خالی ہیں۔ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج دولیاں جٹاں ضلع کوٹلی میں سردار حمید خان سکیل (بی ایس۔18) انچارج پرنسپل تعینات ہیں۔ جلد ہی مستقل بنیادوں پر اس کالج میں پرنسپل کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔کل آسامیاں 12ہیں اور خالی آسامیاں 04ہیں۔انہوں نے کہاکہ خالی آسامیوں کے خلاف تعیناتیاں جلد عمل میں لائی جائیں گی۔ ممبراسمبلی نثارہ عباسی کے سوال پر وزیرہائرایجوکیشن نے ایوان کو بتایاکہ میرپور بورڈ کے سالانہ امتحانات میں طلبا/طالبات جنہوں نے45فیصد سے کم نمبرات لیے اور انکو سرکاری یا پرائیویٹ یونیورسٹیز میں داخلہ نہ دیے جانے کے حوالے سے آج اجلاس طلب کررکھا ہے۔ وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ بنی لنگڑیال گرلز سکول کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے پراسس مکمل ہوگیا ہے۔ممبراسمبلی سردارجاویدا یوب کے سوال پر وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی نے ایوان کوبتایاکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بٹل کو شفٹ کرنے کا کوئی بھی معاملہ زیر غور نہیں اور نہ ہی اس حوالہ سے کوئی کارروائی زیر کارہے۔
ممبراسمبلی سردارحسن ابراہیم کے سوال پر دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹوٹ راولاکوٹ میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں کسی بھی درجہ کی آسامی پر تقرری نہیں کی گئی۔ وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین نے ممبر اسمبلی چوہدری عامر یاسین کے سوال پر ایوان کوبتایاکہ33KVکا سہارا گرڈاسٹیشن جون2023میں مکمل ہوگاجس پر83.80ملین روپے لاگت آئیگی۔
قائدحزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر وزیرہائرایجوکیشن ظفراقبال ملک نے ایوان کو بتایاکہ کیڈٹ کالج چھتر کلاس میں مختلف اسامیوں پر بھرتی کے لئے اشتہار مورخہ20-04-2021کو دیا گیا۔ جس کے تحت درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ30-04-2021مقرر تھی۔ اشتہار میں باقاعدہ شرائط بھی درج ہیں۔اشتہار میں درج آسامیوں کے خلاف اشتہار سے قبل کسی بھی اسامی کے خلاف تقرری عمل میں نہیں لائی گئی۔اشتہار21اسامیوں پر مشتمل تھا۔ جس کے خلاف پورے آزادکشمیر کے علاوہ پاکستان سے بھی امیدواران نے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ ان آسامیوں پر بھرتی کی کارروائی دو فیزز میں کی گئی۔ کیونکہ کالج ہذا میں بھرتی کے لئے حکومت کی طرف سے 02 مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ پہلے فیز میں اشتہار کی روشنی میں تحت ضابطہ کاررروائی بوجہ کرونا ایمرجنسی تقریبا پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد ماہ اگست وستمبر میں عمل میں لائی گئیں۔ جس میں 10لیکچررز کی تقرری بعد از تحریری امتحان ڈیمانسٹریشن وسلیکشن بورڈ عمل میں لائی گئی۔ جس کی سلیکشن کمیٹی چیف سیکرٹری آزادجموں وکشمیر کی سربراہی میں قائم ہے۔کمیٹی کی سفارشات پر تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ فیز دو م میں باقی11اسامیوں پر تحریری امتحانات منعقد کیئے جاچکے ہیں جس کے لئے انٹرویو وتقرری کی کارروائی رواں ہفتے میں مکمل ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں کالج کے قیام سے لے کر اب تک یومیہ اجرت والے ملازمین کام کررہے ہیں جن کی تعداد47ہے اوران میں سے کچھ7سے8سال تک کی سروس کے حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ اشتہار سے قبل کوئی غیر قانونی تقرری عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس معاملہ پر سپیکر چوہدری انوارالحق نے وزیرہائرایجوکیشن کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، وزرا حکومت چوہدری اظہرصادق، دیوان علی خان چغتائی اور ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید شامل ہیں۔
اجلاس میں ممبراسمبلی چوہدری قاسم مجید کے سوال پر وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے ایوان کو بتایاکہ منظورشدہ ترقیاتی سکیم"Restoration of Rain Damaged due to Moonsoon Network"لمبائی25کلومیٹرLA-2چکسواری ضلع میرپور سے متعلق ہے۔ منظورشدہ سکیم میں سے نشانذدہ سوال کے مطابق4کلومیٹرلنک روڈز کے پیکج کا کام مالیتی31.709ملین روپے زیر ورک آرڈر نمبر1136-41 مورخہ 16-02-2016بحق ٹھیکیدار"محمد صابر اینڈ کو"کو کام الاٹ ہوا تھا۔4کلومیٹر لنک روڈر میں سے2.77کلومیٹر لنک روڈز کا کام مکمل ہوچکا ہے جو کہ69%بنتا ہے اور اس 21.409ملین(2,140,9000/-)روپے ورک ڈن ادائیگی کی جاچکی ہے جو67.51فیصد بنتی ہے۔ لنک روڈ بڑجن ڈسپنسری تا دربا ر کی لمبائی 1.20کلومیٹر ہے اس اسکا 100% کام مکمل ہے۔لنک روڈ بڑجن قلعہ تا ہاس فاضل 0.80کلومیٹر ہے اورمقامی آبادی سڑک کی تعمیر کے لئے درکار زمین فراہم نہیں کررہی۔ لنک روڈ مواہ تا میراہ جنڈالہ 1کلومیٹرہے اوراسکا100%کام مکمل ہے۔ لنک روڈ مواہ خاص تا نیو آبادی چھپراں 1کلومیٹرہے اور 0.57%کلومیٹر مکمل ہے جبکہ بقیہ0.43کلو میٹر کے لئے مقامی آبادی درکار زمین فراہم نہیں کررہی۔اس تفصیل کے مطابق اب تک ورک ڈن 21.409ملین روپے کی ادائیگی ہوئی ہے4کلومیٹر میں سے2.77 کلومیٹر روڈز کا کام مکمل ہے۔1.23کلومیٹر روڈ کی تعمیر کے لئے مقامی آبادی درکار زمین فراہم نہیں کررہی جس کی وجہ سے موقع پر کام شروع نہیں کروایا جاسکا۔ کیونکہPC-Iمیں اراضی کے حصول کے لئےLand Acquisitionکی رقم مختص نہ ہے۔ لوکل کمیونٹی کی طرف سے بلامعاوضہ اراضی فراہم کرنے پرہی روڈ تعمیر کی جاسکتی ہے۔

واپس کریں