دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں 3،3سے مقابلہ برابر رہنے کے بعد پلنٹی ککس میں ارجنٹائن نے فرانس کو2کے مقابلے میں4گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ2022 جیت لیا
No image دوھا (کشیر رپورٹ) فٹ بال ورلڈ 2022 کے سنسنی خیز فائنل میں سخت مقابلے کے بعد پلنٹی ککس پہ ارجنٹائن نے فرانس کو 2کے مقابلے میں4گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل میں فتح حاصل کر لی۔ ارجنٹائین نے فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا۔قطر کے لوسیل گرائونڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے ہاف میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے ہاف میں فرانس کے ایمباپے نے 2 منٹ میں دو گول کرکے میچ میں ارجنٹینا کی برتری ختم کردی، میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا۔اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری دلادی لیکن پھر ایمباپے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ایک بار پھر میچ برابر کر دیا۔
پلنٹی ککس پہ فرانس نے پہلی کک پہ پہلا گول کر دیا اور جوابی طور پر ارجنٹائن نے بھی پہلی کک پہ گول کر دیا۔دوسری کک میں فرانس کی ہٹ ارجنٹائن کے گول کیپر نے روک لی جبکہ ارجنٹائن نے دوسری کک پہ بھی گول کر دیا۔ فرانسیسی کھلاڑی نے تیسری کک پہ گینڈ باہر پھینک دی اور ارجنٹائن نے تیسری کک پہ بھی گول کر دیا۔ چوتھی کک پہ فرانس نے گول کر دیا اور چوتھی کک پہ ارجنٹائن نے بھی گول کر دیا۔ اس طرح پلنٹی ککس میں ارجنٹائن نے فرانس کو2کے مقابلے میں4گول سے شکست دے کر فائنل میچ میں فتح حاصل کر لی۔فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا ۔ فرانس نے دو گول ہونے کے باوجود شاندار کھیل سے دونوں گول برابر کر دیئے تاہم پلنٹی ککس میں فرانس اپنے حوا س پہ قابو نہ پا سکا اور دوپلنٹی ککس ضائع کر کے فائنل میچ ہار گیا۔فرنچ کپتان کلیان مباپی نے شاندار کھیل کا مظاہر کرتے ہوئے ہیڈ ٹرک کی اور پلنٹی ککس میں بھی پہلی کک پہ گول کر دیا تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

واپس کریں