دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی55ویں برسی کے موقع پر18دسمبر کو مزار قائد پہ حسب روایت تقریب منعقد ہو گی
No image اسلام �آباد (پ ر) رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی55ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جائے گی۔ جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔چوہدری غلام عباس کے مزار پر آج مسلم کانفرنس اور حکومت آزادکشمیر کی طرف سے قائدملت چوہدری غلام عباس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ آزادکشمیر بھر میں حکومتی اور مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیدران رائیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے دعائیہ تقریبا ت منعقد کرینگے۔مرکزی تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کے علاوہ وزراء حکومت اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین شرکت اور خطاب کرینگے اس کے علاوہ مزار پر قرآن خوانی ہوگی اور حکومت کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
اس کے بعددوسری نشست میں مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس ہوگا جس میں آزاد کشمیر بھر سے مسلم کانفرنس کے کارکنان ،عہدیداران ،ٹکٹ ہولڈر اور بلدیہ ٹکٹ ہولڈرشرکت کرینگے۔اجلاس میں مجلس عاملہ کی سفارشات کے مطابق نومنتخب صدر مسلم کانفرنس اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے۔مسلم کانفرنس کے دستور اساسی کے مطابق جنرل کونسل کے اجلاس میں دیگر عہدیداران کا انتخاب بھی عمل میں لایاجاتا ہے تاہم روایات کے مطابق دیگرعہدیداروں کی نامزدگی کااختیار نومنتخب صدر مسلم کانفرنس کوتفویض کردیاجاتا ہے تاکہ وہ دیگر سینئر جماعتی رہنمائوں سے مشاورت کر کے موزوں افراد کی نامزدگی تقرری کرسکے۔ مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء نے آزادکشمیر بھر سے جماعتی کارکنوں اور رہنمائوں کو جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے رائیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی 55ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ رائیس الاحرار چوہدری غلام عباس ریاست جموں وکشمیر کے وہ سپہ سالار تھے جنہوں نے اپنی ساری صلاحیتیں اور سارا مقصد پاکستان کو ہی اپنائے رکھا اور کشمیریوں کی رہنمائی کرتے رہے۔ انہیں ایک نصب العین دیا جس کی بنیاد پرپاکستان روز اول سے ہی اہل کشمیر کی امنگوں اور عارضوں کا مرکز اور محور اور ایمان کاحصہ بن گیا۔وہ اپنی ساری زندگی مسلم کانفرنس کے نصب العین ،تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کے عظیم مقاصد،مشن کی کامیابیوں کے لئے سرگرم رہے۔ قائد ملت ریاست جموںو کشمیر کی علامت تھے۔ کشمیریت ان کے نام سے پہچانی جاتی ہے۔ انھوںنے ہمیشہ بے غرض سیاست کی۔ اپنی زندگی میں کوئی منصب یا عہدہ قبول نہ کیا ۔ قائد ملت کی زندگی کا ایک بڑا اہم پہلو تقوی تھا وہ اپنی طبیعت میں نفاست کے علاوہ پاکیزگی کا خاص خیال رکھتے تھے اور یہ وہ مقام ہے جو صوفیائے کرام کے سوا کسی دوسرے کو نصیب نہیں ہوتا ۔ انہوں نے1958میں جنگ بندی لائن کے نام نہاد تقدس کو پامال کرنے کیلئے کشمیر لبریشن موومنٹ (کے ایل ایم) چلائی اپنے ساتھیوں سمیت کئی ماہ تک نظر بند رہے ۔ قائدملت نے اپنے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کیا بلکہ انہی اصولوں کے باعث مرکزی حکومتوں سے اختلافات ہوتے رہے لیکن انہوں نے اپنا مشن کمزور نہیں ہونے دیا ۔ساری زندگی مومنانہ کردار ،سیاسی بصیرت اور مسلم کانفرنس کے ساتھ انمنٹ وابستگی ہی قائدملت کاخاصا رہا۔آج پاکستان بے پناہ مسائل سے دوچار اور اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے کشمیری مسلمان ہندوستان کے بے پناہ مظالم کاشکار ہیں اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ہمیں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے برسرپیکار کشمیریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ آزاد خطہ کے عوام کو پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیںکہ ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

مظفر آباد (پی آئی ڈی)17 دسمبر 2022۔ آزادجموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے کہاہے کہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق یہی وہ منزل ہے جس پر چل کر کشمیریوں نے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے۔ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست،الحاق پاکستان کے داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت و احترام سے منانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔صدربیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے کہاکہ قائد ملت نے اپنی فہم و فراست اور بے لوث قیادت سے ڈوگرہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی مسلمان قوم کو آزادی کا شعوردیا۔انہوں نے کہاکہ مسلمانان کشمیر کے لیے الگ سیاسی جماعت تشکیل دیکر ان کے حقوق کی پاسداری کا عزم چوہدری غلام عباس کا وہ کارنامہ ہے جو کبھی ذہنوں سے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی محبت بے مثال تھی یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر ہی دفن ہونے کی وصیت کی تھی۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ چوہدری غلام عباس الحاق پاکستان کے مضبوط داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے رئیس الاحرار پوری کشمیری قوم کے لیڈرتھے جنہو ں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کررکھی تھی۔ آپ نے قائد اعظم کے ایک وفادار ساتھی اور تحریک پاکستان کے ایک انتھک سپاہی کی حیثیت میں نظریہ پاکستان کی سربلندی کے لئے جو جرات مندانہ جدوجہد کی وہ بلاشبہ تاریخ پاکستان کا ایک سنہری ورق ہے۔آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیری قائد چوہدری غلام عباس کی خدمات بھی ہمارے ذہنوں میں جگمگاتی رہیں گی۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری غلام عباس کا شمار قائداعظمؒ کے بااعتمادساتھیوں میں ہوتا تھا۔ رئیس الاحرار صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے۔ چوہدری غلام عباس نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔ انہوں نے کہاکہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

واپس کریں