دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سینئر مسلم لیگی خاتون رہنما بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں 4دسمبر، بروز اتوار بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی
No image راولپنڈی (کشیر رپورٹ) محترم حمید اختر صاحب کی اہلیہ، معروف مسلم لیگی خاتون رہنما، سابق سینیٹر بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ کل ، بروز اتوار4دسمبر ، ان کی رہائش گاہ ، ایف877سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی ،بالمقابل ہولی فیملی ہسپتال کے قریب واقع الاقصی مسجد میں بعد از نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
وہ گزشتہ روز، جمعہ کی شب طویل علالت کے بعد ہولی فیملی ہسپتال میں وفات پا گئی تھیں۔بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ کی راہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی راہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔ اس کے علاوہ دو بار وہ سینٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ کے انتہائی قریب تھیں۔ بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد کے موقع پر بیگم نجمہ حمید نے ان کے ہمراہ بھرپور سیاسی جدوجہد میں حصہ لیا۔ وہ اس سیاسی تحریک کے نمایاں اور سرفہرست راہنماں میں شامل تھیں۔ بیگم نجمہ حمید 18 مارچ 1944میں ملتان میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیدائشی مسلم لیگی تھیں، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم فیروز خان نون کے ساتھ وہ مسلم لیگ کے لئے خدمات انجام دیتی رہیں۔ انہوں نے تمام عمر پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بسر کی۔ ان کی سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر بیگم کلثوم نظربند رہیں۔ بیگم نجمہ حمید کا گھر ہمیشہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔ وہ ایک بہادر اور ذہین سیاسی راہنما کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔
آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے قیام کے لئے محمد نواز شریف کو رضامند کرنے میں محترمہ بیگم نجمہ حمید کا اہم کردار تھا۔حمید اختر صاحب کا تعلق مقبوضہ پونچھ سے ہے اور وہ آزاد کشمیر کے معروف بزرگ رہنما سردار سکندر حیات خان مرحوم کے قریبی دوست تھے۔سردار سکندر حیات خان کا راولپنڈی اسلام آباد میں موجودگی کے وقت اکثر قیام حمید اختر صاحب کے گھر پہ ہی رہتا اور ان کے گھر کا ایک کمرہ سردار سکندر حیات خان کے لئے مخصوص تھا۔محترمہ بیگم نجمہ حمید ملنسار اور شفیق خاتون تھیں ،راولپنڈی میں کشمیری گھرانوں سے ان کے قریبی ذاتی تعلقات استوار رہے۔ ان کی سماجی اور سیاسی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

واپس کریں