دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
معروف مسلم لیگی خاتون رہنما،سابق سینیٹر بیگم نجمہ حمید وفات پا گئیں
No image راولپنڈی( کشیر رپورٹ) محترم حمید اختر صاحب کی اہلیہ، معروف مسلم لیگی خاتون رہنما، سابق سینیٹر بیگم نجمہ حمید راولپنڈی میں وفات پا گئیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید 78 برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔ بیگم نجمہ حمید گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ جمعہ کی شب راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں انہوں نے وفات پائی۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ کی راہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی راہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔ اس کے علاوہ دو بار وہ سینٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ کے انتہائی قریب تھیں۔ بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد کے موقع پر بیگم نجمہ حمید نے ان کے ہمراہ بھرپور سیاسی جدوجہد میں حصہ لیا۔ وہ اس سیاسی تحریک کے نمایاں اور سرفہرست راہنماں میں شامل تھیں۔ بیگم نجمہ حمید 18 مارچ 1944میں ملتان میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیدائشی مسلم لیگی تھیں، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم فیروز خان نون کے ساتھ وہ مسلم لیگ کے لئے خدمات انجام دیتی رہیں۔ انہوں نے تمام عمر پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بسر کی۔ ان کی سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر بیگم کلثوم نظربند رہیں۔ بیگم نجمہ حمید کا گھر ہمیشہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔وہ نہایت شفیق خاتون تھیں اور سماجی اور سیاسی طور پر ان کی بڑی خدمات اور نام ہے۔ وہ ایک بہادر اور ذہین سیاسی راہنما کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔ بیگم نجمہ کی نماز جنازہ (آج) ہفتے کو راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
واپس کریں