دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مظفر آباد میں آزاد کشمیر کابینہ اور کابینہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)02دسمبر2022۔آزاد کشمیر جموں وکشمیرکابینہ کا اجلاس وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلا س میں وزرا حکومت،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صاحبان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں رحمت اللعلمین و خاتم النبین سیدنا محمد ۖو اصحابہ و سلم آزاد کشمیر اتھارٹی 2022کے قیام کا بل قانون ساز اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے منظور کر لیا گیا۔ کابینہ نے انکم ٹیکس آرڈیننس (ترمیمی) 2021میں سیکشن 130جس میں ایپلیٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو کے ایک جوڈیشنل ممبر کی اپوائنٹمنٹ کی تعریف کی گئی تھی اسکی سیکشن کو حذف کرنے کی منظوری بھی دیدی جبکہ اعلی عدلیہ کے ڈریس کوڈز کو بھی مبدل کیے جانے کا ترمیمی ایکٹ اسمبلی میں پیش کیے جانے پر اتفاق کر لیا گیا۔کابینہ نے ٹریفک حادثات میں زخمی و اموات کے معاوضہ کے لیے اضافہ جات اور کیٹیگریز میں ترامیم بھی منظور کر لیں۔ آزادجموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں نوجوان کی تعریف والی سیکشن میں نوجوان کی حد عمر 18سے 35کی بجائے 18سے 40سال کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ عبدالماجد خان اور سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ نے آزادکشمیر کی موجودہ مالی صورت حال کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بجٹ کٹوتی، آزادکشمیر کے وسائل کا بھرپور استعمال نہ ہونے، بجلی کے ریٹس میں اضافہ کا مقدمہ عدالت میں ہونے اور فوڈ پر سبسڈی نہ ملنے کی بنا پر مسائل کا سامنا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے آزادکشمیر کے بجٹ کٹ پر تشویش کا اظہار کیا او روفاقی حکومت سے دوبارہ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے۔آزادکشمیر کابینہ عوام کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ کابینہ کے اجلاس تواتر کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم آزادکشمیر میں رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کرنے جا رہے ہیں۔ ٹریفک حادثات میں فوت ہونے والے اور زخمیوں کے معاوضہ جات میں اضافے کی بھی کابینہ نے منظوری دیدی ہے جس سے ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والوں اور فوت شدگان کے ورثا کی مدد ہو سکے گی۔
اجلاس کے آخر میں محکمہ ورکس و موصلات نے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کے مطابق جاری کردہ ہدایت پرپراگرس کے بارے میں بریف کیا۔ محکمہ نے فورم کو تفصیلا بتایا کہ کوالٹی کنٹرول، مانیٹرنگ، ٹریننگ اور کوالٹی ایشورنس کے بارے میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پراجیکٹس تیار کر لیے گے ہیں۔ Value Engineering(یعنی جوآپ کے پاس پہلے سے موجود انفراسٹرکچر ہے اس کو کس طرح استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔) کو مد نظر رکھا جائے اس پر عملدرآمد سے محکمہ نے محض ایک پراجیکٹس کشمیر ہائی وے جو کہ قبل ازیں 57بلین کا منصوبہ تھا اس کی مالیت 14ارب کم کر کے 43بلین کا منصوبہ بنالیا ہے۔ علاوہ ازیں مانیٹرنگ اور کوالٹی کنٹرول کے لیے الگ سے شعبہ جات بنائے جارہے ہیں جنکی ایک انجینئر ہی سرپرستی کرے گا لیکن وہ براہ راست سیکرٹری کو رپورٹ کرنے کا پابند ہوگاتاکہ وہ بغیر کسی دبا کے کوالٹی کے بارے میں رپورٹ کرسکے اور دوران منصوبہ ہی اسکی تصحیح بھی کی جا سکے۔ وزیر اعظم نے Prima Veraاور Asset Management کورسز کے لیے جو ہدایات جاری کی تھیں ان پر عملدرآمد کے لیے محکمہ کے آفیسران کو نامزد کر دیا گیا ہے جو قومی ادارہ جات سے ٹریننگ حاصل کرتے ہوئے پروجیکٹ مینجمنٹ کی ایسی Skillsسیکھ لیں گے کہ وہ اپنے موجودہ انفراسٹرکچر کی Evaluationاور آئندہ کام کی Accuracy پربہتر بنا سکیں گے۔

آزادجموں وکشمیر کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزرا حکومت، سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں 2ارب 36 کروڑ 57 لاکھ48 ہزار روپے لاگت کے4منصوبہ جات منظور کر لیے گے۔ ان منصوبہ جات میں محکمہ فزیکل پلاننگ وہاوسنگ کے 1، کیمونیکشن اینڈ ورکس کے 1، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا 1 اور محکمہ صنعت کا 1 منصوبہ شامل ہے۔ کابینہ ترقیاتی کمیٹی میں منظورکیے گے منصوبہ جات میں محکمہ فزیکل پلاننگ وہاوسنگ کا منصوبہ ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس مظفرآباد کی تعمیر، محکمہ کیمونیکشن اینڈ ورکس کا منصوبہ پونچھ ڈویژن کی اہم شاہرات کے ساتھ سلائیڈ مینجمنٹ وکنٹرول، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا منصوبہ کمپیوٹرایزیشن آف لینڈ ریکارڈ فیز ٹو اور محکمہ صنعت کا منصوبہ تعمیر عمارت گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ضلع بھمبر شامل ہیں۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کو بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ کوالٹی آف ورک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کاانقلاب لانا ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں اور ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی تعمیروترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔ سیکرٹری صاحبان ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر ماینٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔ منصوبہ جات کے پی سی ون تیار کرتے وقت جامع پلاننگ کریں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جاے کہ ترقیاتی منصوبہ جات سے قدرتی ماحول متاثر نہ ہو۔
واپس کریں