دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر حکومت کے اخراجات پہ پاکستان کے چار صوبوں اور گلگت بلتستان میں زرعی فارم قائم کرنے کا فیصلہ
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)29نومبر2022۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان کا آزادکشمیر کی فوڈ سیکورٹی و غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم قدم۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خبیر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں آزادکشمیر کے بڑے زرعی فارمز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان اور وزیراعلی گلگت بلتستان بیرسٹرخالد خورشید کو آزادکشمیر کے بڑے ماڈل زرعی فارمز کے قیام کیلئے بلامعاوضہ رقبہ الاٹ کرنے کیلئے مکتوب لکھ دئیے۔وزیراعظم نے حکومت سندھ سے 25ہزار ایکڑ رقبہ، حکومت خیبرپختونخواہ سے 30ہزارایکڑ رقبہ، حکومت بلوچستان سے01لاکھ ایکڑ رقبہ، حکومت پنجاب سے 50ہزار ایکڑ اور حکومت گلگت بلتستان سے02ایکڑ رقبہ الاٹ کرنے کی تحریک کی ہے تاکہ آزادکشمیر کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ تمام صوبوں اور گلگت بلتستان میں ان زرعی فارمزکی ڈویلپمنٹ ودیگر اخراجات حکومت آزادکشمیر برداشت کریگی۔
وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے اس حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کی خواہش ہے کہ ریاستی غذائی تحفظ کے لیے دیگر صوبہ جات کے اند ر زراعت کے فارمزڈویلپ کرنے کے لئے زرعی پوٹینشل کے حامل قطعات اراضی حاصل کر کے انہیں ایگری فارمز کے طور پر ڈویلپ کرے۔ اس عمل سے نہ صرف مملکت پاکستان کی معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا بلکہ ریاست اور صوبوں کے مابین روابط بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کا زیادہ علاقہ terrainدشوار گزاراور پہاڑی ہے اور نباتا ت وغیرہ کی ان گنت اقسام ہونے کے باوجود قابل کاشت رقبہ کم ہے جس کی وجہ سے آبادی کی ضرورت کے لیے اجناس ضروریہ نا کافی ہیں اس لیے پاکستان میں زرعی فارمز ڈویلپ کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تمام صوبوں اور گلگت بلتستان میں آزادکشمیر کے زرعی فارمز کا ڈویلپ ہونا ریاست کی تاریخ میں ایک انقلابی اورانمٹ داستان رقم کرنے کا باعث ہو گا۔

دریں اثناء وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان سے فنانشل ایڈوائزری فرم Bridge Factorکے سی ای او اکبر بلگرامی،وسیم رضا اور ڈائریکٹر برج فیکٹر یاسر نجیب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزادکشمیر میں زراعت، لائیوسٹاک، منرلز، ماحولیات، سیاحت، ہائیڈل پاور، آئی ٹی، صنعت، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،رن وے ڈویلپمنٹ، ایئر لائن مارکیٹنگ، گارمنٹس اور آزادکشمیرکے علاقائی پھلوں کی تشہیر، ان شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس ضمن میں مالی و تکنیکی معاونت کی فراہمی کے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،ہائیڈل پاوراور سیاحت میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون کو یقینی بنانے کا اظہار کیا۔ملاقات میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان، وزیر پلاننگ چوہدری رشید، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی،پارلیمانی سیکرٹری محترمہ تقدیس گیلانی، ممبر اسمبلی عاصم شریف بٹ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، چیئرمین CBRامجد پرویز علی خان، سیکرٹری صنعت و تجارت وجاہت رشید،سپیشل سیکرٹری مالیات راشد حنیف نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ آزادکشمیر سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش خطہ ہے۔ حکومت آزادکشمیر آنے والے سرمایہ کاروں کو خصوصی پیکج دے رہی ہے۔سرمایہ کار اس موقعے سے فائدہ اٹھائیں،حکومت انہیں مکمل تحفظ دیگی اور بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے برج فیکٹر فرم کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کے علاوہ حکومت کی جانب سے عائد شدہ ٹیکسوں میں بھی چھوٹ دیتے ہوئے خطہ کو سرمایہ کاروں کے لیے پر کشش بنائیں گے۔
واپس کریں