دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی ' حکومت کے وزیر اعظم تنویر الیاس کی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کے خلاف دہشت گردی سمیت سنگین الزامات میں ' ایف آئی آر ' درج کرانے کی دھمکی
No image اسلام آ باد( کشیر رپورٹ ) آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت کے وزیر اعظم تنویر الیاس نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعظم پاکستان کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کے خلاف آزاد کشمیر میں دہشت گردی سمیت سنگین الزامات میں مقدمات درج کرانے کی دھمکی دی ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات سمیت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی میڈیا نمائندگان سے گفتگو ، جس کی وڈیو سوشل میڈیا پہ موجود ہے ، میں وزیر اعظم تنویر الیاس نے کہا ہے کہ '' شہباز شریف ، توقیر شاہ اور جو کوئی بھی اور ہے،ماڈل ٹائون ہر جگہ بنتے ہیں، ادھر اگر کچھ ہوا،ابھی یہ ایف آئی آر کی بات کرتے ہیں، میں اس میں وزیر داخلہ کو نہیں کہتا،لیکن شہباز شریف اور توقیر شاہ کے خلاف ایف آئی آر کی دفعات لگا کر نہ دی تو یا وہ پاکستانی ڈیکلیئر ہوں گے یا ہم ہوںگے،ذمہ داری کس کی ہے، یہ بھی مزہ چکھائیں گے''۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جب آزاد کشمیر کے کسی وزیر اعظم کی طرف سے پاکستان کے وزیر اعظم کو اس طرح کی دھمکی دی گئی ہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں تین مراحل میں بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں اور پہلے مرحلے میں27نومبر کو مظفر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ آزاد کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے خلاف عدم اعتمادکی تحریک اسمبلی میں پیش کرنے کی تیاری میں ہے۔ اس تناظر میں وزیراعظم تنویر الیاس نے سرکاری سطح پہ 26نومبر کو ایک خبر میڈیا کے لئے جاری کی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ
'' ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آزاد کشمیر کے وزیر اعظم تنویر الیاس کو اپنے منصوبوں کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کررہے ہیں اور انہوں نے اپنی وزارت خارجہ اور خفیہ ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کو آزادکشمیر کی وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں اور وزیر اعظم تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے لئے ہندوستان جھوٹی خبروں، پرپیگنڈے اور رشوت کا استعمال کرے گا،وزیر اعظم آزاد کشمیر کی میڈیا ٹیم کی تیار کردہ اس خبر کی بنیاد ایک نام نہاد انگریزی اخبار ''دی ٹائمز نیوز'' کا حوالہ دیا گیا ہے جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔
'' کشیر '' کو یہ خبر ای میل کے ذریعے موصول ہونے پر جب اس خبر کے حوالے سے رابطے کئے گئے تو کئی حیران کن حقائق سامنے آئے۔اس خبر کی بنیاد بنائے جانے والے اخبار کی فراہم کردہ تصویر میں صرف اخبار کا نام اور وزیر اعظم آزاد کشمیر اور ہندوستانی وزیر اعظم کی تصویر کے ساتھ انگریزی میں مضمون شامل ہے۔اس میں اخبار کے نام کے علاوہ اخبار سے متعلق کوئی معلومات شامل نہیں ہے۔ ایک معتبر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ'' انہیں بتایا گیا ہے کہ ''دی ٹائمز نیوز'' کراچی کا ایک اخبا ر ہے''۔ اس بارے میں جب چھان بین کی گئی تو معلو م ہوا کہ پاکستان میں اس نام کا کوئی اخبار نہیں ہے،اس تیار کردہ فیک نیوزکا متمع نظر یہ معلوم ہوتا ہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہٹائے جانے کا منصوبہ ہندوستان کی وزارت خارجہ اور ہندوستانی خفیہ ایجنسی کا منصوبہ ہے۔''۔

یوں وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو اس طرح کی دھمکی دینا نہایت غیر مناسب ، غیر ذمہ دارانہ حرکت اور آزاد کشمیر میں جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش ہے۔وزیر اعظم تنویر الیاس کی ' پی ٹی آئی ' حکومت نے سرکاری وسائل کے بھرپور استعمال سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کو فتح کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے اور اب وزیر اعظم تنویر الیاس کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان کو دھمکی پر مبنی اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت بزور طاقت بلدیاتی انتخابات میں ناجائز طورپر کامیابی حاصل کرنے کی تیاری کر چکی ہے اور اس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کی ذمہ داری وہ پاکستان کی حکومت پر عائید کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو دھمکی دینے کی وڈیو کا لنک https://fb.watch/h2cYqPNelD/

واپس کریں