دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
'' وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی وزارت خارجہ اور خفیہ ایجنسی کو ہدایت کر دی کہ تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹایا جائے''۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کی میڈیاٹیم کی ایک مضحکہ خیز' فیک نیوز'
No image اسلام آباد ۔26 نومبر 2022 (کشیر رپورٹ) وزیر اعظم تنویر الیاس کے حوالے سے ایک خبر آج میڈیا کے لیے جاری کی گئی ہے جو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے قد کاٹھ میں اضافے کے بجائے ان کے لئے سیاسی اور ذاتی نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کی میڈیا ٹیم کی تیار کر دہ اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ آزاد کشمیر کی طرف سے جاری کردہ یہ خبر ایک انوکھی اطلاع کے بجائے ایک بھونڈے مزاق کے طورپہ دیکھی جا سکتی ہے۔
اس خبر میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آزاد کشمیر کے وزیر اعظم تنویر الیاس کو اپنے منصوبوں کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کررہے ہیں اور انہوں نے اپنی وزارت خارجہ اور خفیہ ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کو آزادکشمیر کی وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں اور وزیر اعظم تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے لئے ہندوستان جھوٹی خبروں، پرپیگنڈے اور رشوت کا استعمال کرے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کی میڈیا ٹیم کی تیار کردہ اس خبر کی بنیاد ایک نام نہاد انگریزی اخبار ''دی ٹائمز نیوز'' کا حوالہ دیا گیا ہے جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ خبر میں پہلے بتایا گیا کہ یہ ہندوستان کا ایک اخبار ہے اور بعد میں corrected newsکے نام سے یہ خبر دوبارہ میڈیا کو جاری کرتے ہوئے''بھارتی اخبار'' کا لفظ حذف کر دیا گیا۔
'' کشیر '' کو یہ خبر ای میل کے ذریعے موصول ہونے پر جب اس خبر کے حوالے سے رابطے کئے گئے تو کئی حیران کن حقائق سامنے آئے۔اس خبر کی بنیاد بنائے جانے والے اخبار کی فراہم کردہ تصویر میں صرف اخبار کا نام اور وزیر اعظم آزاد کشمیر اور ہندوستانی وزیر اعظم کی تصویر کے ساتھ انگریزی میں مضمون شامل ہے۔اس میں اخبار کے نام کے علاوہ اخبار سے متعلق کوئی معلومات شامل نہیں ہے۔ ایک معتبر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ
'' انہیں بتایا گیا ہے کہ ''دی ٹائمز نیوز'' کراچی کا ایک اخبا ر ہے''۔ اس بارے میں جب چھان بین کی گئی تو معلو م ہوا کہ پاکستان میں اس نام کا کوئی اخبار نہیں ہے، اس نام کا ایک امریکی اخبار شائع ہوتا ہے۔مزید رابطوں سے معلوم ہو ا کہ آزاد کشمیر کی ایک صحافتی تنظیم کا ایک مرکزی عہدیدار وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے میڈیا سے متعلق مفادات کے لئے متعین کیا ہے اور وہ اشتہارات کے علاوہ آزاد کشمیر کے اخبارات میں وزیر اعظم کے مفاد ات کے منافی خبروں کو روکنے اور وزیر اعظم کی حمایت میں خبروں کی اشاعت کے لئے متعین کیا گیا ہے۔
اس تیار کردہ ' فیک نیوز' کا متمع نظر یہ معلوم ہوتا ہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہٹائے جانے کا منصوبہ ہندوستان کی وزارت خارجہ اور ہندوستانی خفیہ ایجنسی کا منصوبہ ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف اپوزیشن جماعتیں گزشتہ چند ماہ سے عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی میڈیا ٹیم کی تیار کردہ اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ
'' آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی ولولہ انگیز قیادت کی دھومیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سردار تنویر الیاس خان کو اپنے ارادوں کی کامیابی میں سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔ دی ٹائمز نیوز نے لکھا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنی وزارت خارجہ اور خفیہ ادارے کے سربراہ سے کہا ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنے منصوبوں پر عملدرآمد میں وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کو بہت بڑا خطرہ سمجھتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ سردار تنویر الیاس خان نے کشمیر کے لوگوں کو مو بلائز اور اکٹھا کر دیا ہے جس سے حق خودارادیت اور تحریک آزادی کشمیر میں تیزی آئی ہے۔کشمیر کے لوگ سردار تنویر الیاس خان کو امید کی کرن سمجھتے ہیں جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ بھارتی وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو اس لئے بھی بڑا خطرہ سمجھتے ہیں کیونکہ وزیراعظم آزادجموں و کشمیر وسیع علم،تجربہ اور دانشمندانہ اپروچ کے حامل ہیں جنہیں ایک بڑا لیڈر مانا جاتا ہے۔سردار تنویر الیاس خان کی غیر معمولی کامیابیاں رطب اللسان ہیں،وہ ایشیا کے بزنس ٹائیکون میں سے ایک ہیں جو رفاہ عامہ کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔وہ بہترین بات چیت کرتے ہیں اور کروڑوں پانڈز کی ڈیلز کچھ ہی وقت میں طے کر لیتے ہیں۔وہ معیشت کیلیے اثاثہ ہیں،انہوں نے یورپ کے بالمثل ایک بڑا شاپنگ کمپلیکس تعمیر کیا جو ایک شاہکار ہے۔وہ آگے بڑھ کر لیڈ کرتے ہیں اور ہمیشہ جیتنے کی امنگ لے کر آگے بڑھتے ہیں شکست ان کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔سردار تنویر الیاس خان کی یہی خوبیاں ہیں جن کی وجہ سے بھارتی وزیراعظم کشمیر کے متعلق اپنے منصوبوں کی تکمیل میں سردار تنویر الیاس خان وزیراعظم آزادجموں و کشمیر کو اپنے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہیں۔وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنے وزیر خارجہ اور خفیہ ایجینسی کے سربراہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو وزارت عظمی سے اتارنے کیلیے اقدامات کریں۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ اس ناپاک منصوبے کی تکمیل کیلیے جھوٹی خبروں،پروپیگنڈے اور رشوت کا استعمال کیا جائے گا۔بھارتی وزیراعظم اور بھارتی اسٹیبلیشمنٹ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے آزادی کے ویژن سے خوفزدہ ہے،سردار تنویر الیاس خان کے دنیا بھر سے رابطے ہیں ان کا اثرورسوخ اتنا زیادہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں موثر انداز میں اجاگر کر سکتے ہیں۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے موقع پر عزم کیا تھا کہ میں اپنی مادر وطن کی آزادی اور اپنے لوگوں کیلیے اپنا سب کچھ قربان کر سکتا ہوں۔میرا اپنے خدا پر کامل یقین ہے کہ ایک دن ایسا آئے گا جب کشمیر آزاد ہو گا بہادر کشمیری مردو خواتین کی قربانیاں رنگ لائیں گی یہ انشائاللہ ہو کر رہے گا ' '۔



واپس کریں