دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اب بھی پاکستان سے سیکورٹی مہیا ہو جائے تو بلدیاتی الیکشن ایک ہی دن ہو سکتے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)22 نومبر 2022۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے عوام سے بلدیاتی انتخابات کا جو وعدہ کیا تھا وہ اپوزیشن کی شدید مخالفت کی باوجود پورا کرنے جا رہے ہیں۔ آزادکشمیر کی عوام کو 32 سال بھی بلدیاتی انتخابات سے محروم کرنے کیلئے بلیک میل بھی کیا گیا لیکن ہم نے کمپرومائز نہیں کیا، ہمارے لیے اقتدار سے زیادہ اقدار اہم ہے، عوام کو بنیادی جمہوریت کا حق دلانے کیلیے اگر اپنا اقتدار بھی قربان کرنا پڑتا تو پھر بھی پیچھے نہ ہٹتے، اپوزیشن کی جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کیلئے تمام ہرنے آزما لیے لیکن ناکام رہے، اب بلدیاتی الیکشن میں عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ووٹرز ان کو جوابدہ بناتے ہوئے عبرت ناک شکست دیں گے، وفاق سے سیکیورٹی لینے میں آزادحکومت نہیں بلکہ کوئی اور ناکام ہو رہا ہے، پاکستان میرے ایمان کا حصہ، چند لوگوں کے فیصلے ریاست پاکستان سے ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ناکام ہوں گے۔ ریاست پاکستان کے اداروں کو چاہیے کہ ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے اور اب بھی وقت ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی مہیا کی جائے تاکہ ایک ہی دن میں آزادکشمیر بھر میں انتخابات ممکن بنائے جا سکیں، پارٹی چیئرمین عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈرہیں اور قوم انکے بیانیے کیساتھ کھڑی ہے، ہم اپنے قائد کی تحریک کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ریاست میں بیروزگاری بلند ترین سطح پر ہے، روزگار کی آسان فراہمی اور بیروزگاری میں واضع کمی لانے کیلئے ٹیکس اصلاحات سامنے لارہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وزیرخزانہ و ان لینڈ ریوینیو عبدالماجد خان، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن و چیئرمین سی بی آر راجہ امجد پرویز بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانے کا وعدہ ہم پورا کر رہے، سپریم کورٹ آف آزادکشمیر نے بروقت فیصلہ دیا جس پر ہم نے عمل کرتے ہوئے آزادجموں کشمیر الیکشن کمیشن کو ایک ارب روپے کے قریب فنڈز مہیا کیے، تمام انتظامیہ اور محکمہ جات کو پابند کیا کہ الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں، الیکشن کمیشن نے بہترین طریقے سے تمام انتطامات مکمل کیے. سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وفاق سے سیکیورٹی ملنے میں اب تک جو کامیابی نہ ہو سکی اس میں حکومت کی ناکامی نہیں بلکہ کسی اور کی ناکامی ہے، ہمیں پہلے ہی خدشہ تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں سیکیورٹی نہ ملنے پر بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا پروپیگنڈہ کرے گا اور اب بدقسمتی سے وہ خدشہ درست ثابت ہورہا ہے. سٹیک ہولڈرز کو اس طرف توجہ دینا ہو گی، پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ملکی سلامتی کو کسی نقصان نہیں پہنچانے دیں گے. وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے عوام کو ایک بڑی خوشخبری دینے والے ہیں، آزادکشمیر کے ٹیکس کے نظام میں تبدیلی کی جا رہی، ٹیکس فائلر کی تعداد 7 ہزار سے بڑھا کر 33 ہزار سے زیادہ ہو چکی۔ آزادکشمیر میں بیروزگاری آسمان کو چھو رہی ہے دنیا بھر میں ہمارے لوگ محنت مزدوری کر رہے۔ ہماری حکومت شہریوں کو دبا کر ٹیکس لینے کے حق میں نہیں بلکہ ہم شہریوں کو اعتماد دے کر ٹیکس نیٹ میں لا رہے۔شہریوں کو انکم ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں بھی چھوٹ دینے والے ہیں۔ آئی ٹی سیکٹر، لائیو سٹاک، ڈیری اور پولٹری سیکٹر کو ٹیکس فری کر رہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سائبر کرائم، منی لانڈرنگ والوں کو کوئی چھوٹ نہیں ملے گی۔ سائبر کرائم سے متعلق دیتا اکٹھا ہو گیا ہے اور کسی بھی وقت انکے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا جائے گا. ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان کی بلدیاتی انتخابات بارے وزیراعظم پر تنقید بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جموں کشمیر کی آزادی کیلیے چوہدری غلام عباس اور محسن کشمیر سردار ابراہیم خان کا اہم رول تھا۔ سردار ابراہیم خان کی جدوجہد کے نتیجے میں یہ خطہ آزاد ہوا، وہ پوری ریاست کے لیڈر تھے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مانگے تانگے کی سیٹ والے کو معلوم ہونا چاہیئے کہ بلدیاتی الیکشن میری انا پر نہیں بلکہ عوامی مطالبے پر ہو رہے ہیں۔
واپس کریں