دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے شاہد خاقان عباسی،سراج الحق راجہ ظفر الحق کی ملاقات
No image اسلام آباد۔ آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار ، مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جارحیت کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر کشمیری عوام کو خراج تحسین، پاکستانی قوم کی جانب سے یکجہتی کا اظہار۔شاہد خاقان عباسی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس موقع پر کہا پاکستانی قوم کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گی۔ کشمیریوں کی یہ مدد ہر حال میں جاری رہے گی یہ ہمارا قومی بیانیہ ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کا اتفاق ہے۔انہوں نے کہا 5 اگست کے بعد کے حالات میں ایسی جارحانہ اور تزویراتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت بھارت کے مکر و فریب پر مبنی چالوں کو ناکام بنایا جا سکے۔انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کیلیے جدوجید میں پاکستانی عوام اور بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے کشمیری کش اقدامات کو مل کر ہی شکست دی جاسکتی ہے 5 اگست 19 کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آر پار کے کشمیریوں کی جاندار انداز میں ترجمانی کی پاکستان کے اندر اور باہر جرات سے ہندوستانی اقدامات کو بے نقاب کیامسئلہ کشمیر کے حوالے سے ابھی بہت سارا کام سفارتی محاذ پر کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور کشمیریوں کی حمایت پر جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کی حمایت کو سراہا۔دریں اثنا وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سینٹ میں مسلم لیگ ن کے قائد ایوان بزرگ سیاسی شخصیت راجہ ظفر الحق سے بھی ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں جس طرح عوام کی خدمت کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے میرٹ کی بحالی مالیاتی نظم و ضبط قائم کرنے اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر و ترقی کے اقدامات کے ثمرات نظر آرہے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر سے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف آپ کی قیادت میں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس کا انہوں نے برملا اظہار بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا نظریہ عوام کی بلا تخصیص خدمت ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ جیسے بڑے فورم پر کشمیری حریت پسندوں برہان مظفر وانی شہید کا نام لیکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور دنیا کو یہ باور کرایا کہ کشمیری اپنے جائز حق آزادی کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے وہ تاریخی اقدامات کئے جو کوئی اور حکومت نہیں کر سکی۔
اس موقع پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اہل کشمیر اور پاکستان کی محبت قیام پاکستان سے بھی پہلے کی ہے۔انہوں نے راجہ ظفر الحق اور شاہد خاقان سراج الحق کو 5 اگست کے بعد کی صورتحال پر بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں کئے جانے والے سفاکانہ اقدامات کے خلاف متفقہ قومی حکمت عملی وضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد آزادی کی مسلسل حمایت پر اہل پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہل پاکستان نے بھرپور یکجہتی کا اظہار کر کے کشمیریوں کے حوصلے بلند کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا یہ پاکستان کے لوگوں کی اہل کشمیر سے محبت کا اثر ہے کہ پاکستان کی ہر حکومت نے مسئلہ کشمیر پر تعاون اور مدد کو جاری رکھا ہے۔انہوں نے کہا ہماری محافظ پاک فوج کنٹرول لائن پر بسنے والے نہتے کشمیریوں کیلیے سائبان کی مانند ہے اگر بھارت نے کسی قسم کی غلطی کی تو پاک فوج کے ساتھ ملکر کشمیری اسے ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ یاد رکھے گا ہندوستان لائن آف کنٹرول پر اس لیے سول آبادی کو نشانہ بنارہا ہے کہ وہ پیچھے ہٹ جاے مگر ہمارے لوگ گرم و سرد موسم میں اپنی فوج کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر ڈٹے رہیں گے۔وزیراعظم نے راجہ ظفر الحق اور شاہد خاقان عباسی کی قومی اور سیاسی خدمات کو سراہتے ہوے کہا کہ آپ نہ صرف مسلم لیگ ن بلکہ اس ملک اور قوم کیلیے ایک اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کشمیری قوم اپنے محسن سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات پر سب سے زیادہ تشویش کشمیریوں کو ہوتی ہے۔انہوں نے کہا اللہ تبارک و تعالی،اور مکہ شریف و مدینہ شریف کے بعد کشمیریوں کو عزیز تر پاکستان ہے ہمیں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی عزیز تر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلیے خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔
واپس کریں