دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین کی مطالبات پورے نہ ہونے پر الیکشن ڈیوٹی ادا نہ کرنے کی دھمکی ، محکمہ سروسز نے انتباہی سرکلر جاری کر دیا
No image مظفر آباد(کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی نہ دینے، بائیکاٹ اور آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کے اس اقدام کی صورت سخت تادیبی کاروائی سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ایک اور بڑی رکاوٹ سامنے آ گئی ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے لئے مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی اہلکاران کی عدم فراہمی کی صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پہلے ہی غیر یقینی کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے محکمہ سروسز کی طرف سے21 نومبر کو ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر آمدہ بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی نہ دینے، بائیکاٹ کا عندیہ دیا ہے۔محکمہ سروسز کا کہنا ہے کہ ایمپلائیز سروس ایسوسی ایشن ، رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن ایکٹ2016کے قاعدہ17کے تحت تنظیم کا کوئی بھی رکن سرکاری دفاتر میں ہڑتال، تالہ بندی یا غیر حاضری کا اعلان نہ کرنے کا پابند ہے اور ایسی کسی بھی کاروائی کو بد انتظامی تصور کیا جائے گا اور مروجہ قانون کے تحت اس کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔محکمہ سروسز کے سیکشن آفیسر جنرل1کی طرف سے جاری سرکلر میںمزید کہا گیا ہے کہ سروسز سیکرٹریٹ کے 28اکتوبر2022کو جاری سرکلرکے تحت کسی بھی غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں ہے جو نقص امن کا باعث بنے اور ملکی و ادرہ جاتی ساکھ کو متاثر کرنے پر منتج ہو۔ نیز الیکشن کمیشن کی جانب سے اجراء کردہ ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی پر مانیٹرنگ ٹیم دفعہ106Aکے تحت کاروائی کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔محکمہ سروسز کے سرکلر میں سرکاری ملازمین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کے علاوہ الیکشن کمیشن سے ہر قسم کے تعاون اور عملداری کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر کسی سرکاری ملازم کی خلاف الیکشن کمیشن سے عدم تعاون،/ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت موصول ہونے کی صورت تحت قواعد سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہاں یہ دلچسپ امر ہے کہ آزاد کشمیر کی اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل کے استعمال سمیت کئی الزامات میں الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت درج کرائی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے 23نومبر کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کو سماعت کے لئے طلب کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے تعمیر و ترقی سے متعلق اعلانات، اقدامات کو بھی ایک حکمنامے کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک روک دیا ہے۔

واپس کریں