دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی فورسز کی عدم فراہمی سے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل ہے،سیکرٹری الیکشن کمیشن کی رجسٹرار سپریم کورٹ کو رپورٹ
No image مظفر آباد(کشیر رپورٹ) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی فورسز مہیا نہ ہونے کی وجہ سے آزاد کشمیر میں ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل ہے، حکومت کو معقول تعداد میں سیکورٹی فورسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مناسب احکامات جاری کرنا ضروری ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے طرف سے رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام21نومبر کو ارسال کردہ رپور ٹ میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 27نومبر کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں تاہم حکومت کی طرف سے مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی اہلکار مہیا نہیں کئے گئے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کے لئے مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی فورسز کی فراہمی کا معاملہ غیر یقینی کا شکار ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میںپولیس کی کل تعداد8ہزار ہے اور اس میں سے بلدیاتی انتخابات کے لئے صرف ساڑھے چار ہزار سے پانچ ہزار کی نفری فراہم ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے ایک وڈیو انٹرویو میں کہا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہر صورت منعقد کرائے جائیں گے اور اس کے لئے ایک پولنگ سٹیشن پہ چار پولیس اہلکار متعین ہوں گے۔گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو ایک مکتوب میں ہدایت کی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے24نومبر تک مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی اہلکار فراہم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن ہو مہیا کیا جائے۔الیکشن کمیشن کی طرف سے سپریم کورٹ کو بلدیاتی انتخابات کے لئے مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی فورس مہیا نہ ہونے کی صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ کی فراہمی سے اب یہ معاملہ سپریم کورٹ کی صوابدید ہے کہ اس متعلق کیا فیصلہ کیا جاتا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے مطلوبہ تعداد میں سیکورٹی اہلکاران کی فراہمی آزاد کشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے اور آزاد کشمیر حکومت صرف یہ کہنے سے اپنی اس ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو جاتی کہ حکومت پاکستان سے سیکورٹی فورسز مہیا نہیں ہوئی ہیں۔
دوسری طرف آزاد کشمیر کی تحریک انصاف حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے سرکاری وسائل اور سرکاری حیثیت سے بھر پور طور پر بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہوتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کو سیاسی طور پر'' فتح'' کرنے کے انتظامات کافی حد تک مکمل کر چکی ہے اور وزیر اعظم تنویر الیاس کے خلاف بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کی تحریری شکایت پہ الیکشن کمیشن نے23نومبر کو وزیر اعظم تنویر الیاس کو سماعت کے لئے طلب کیا ہے۔ وزیر اعظم تنویرا لیاس کی سربراہی میں قائم تحریک انصاف حکومت کی پوری کوشش ہے کہ حکومتی وسائل اور اثر و رسوخ سے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواران کو فتح یاب کراتے ہوئے آزاد کشمیر میں نچلی مقامی سطح پہ تحریک انصاف کو مضبوط کیا جائے۔
واپس کریں