دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان کا26نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کا اعلان، سیکورٹی کے بڑے مسئلے سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بڑا سوالیہ نشان
No image راولپنڈی(کشیر رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے26نومبر کو راولپنڈی میںجلسے کے انعقاد کے اعلان سے آزاد کشمیر کے27نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سیکورٹی فورسز کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے اور اس صورتحال میں بلدیاتی انتخابات میں سیکورٹی انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں سیکورٹی انتظامات کیا اور کیسے ہوں گے؟
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے دی ہے اور اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ ملک بھر سے اسلام آباد پہنچیں۔عمران خان نے کہا کہ وہ 26نومبر کو لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچیں گے۔
اس صورتحال میں پاکستان کی طرف سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کے پاس صرف پانچ ہزار پولیس اہلکار بلدیاتی انتخابات کے لئے مہیا ہو سکتے ہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات میں تیس ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاران کی ضرورت ہے۔اس صورتحال میں آزاد کشمیر میں27نومبر کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے کہ ان بلدیاتی انتخابات کے لئے آزاد کشمیر حکومت سیکورٹی انتظامات کیسے کرے گی۔
اس سے پہلے آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے پولیس کے ریٹائرڈ ملازمین کو سیکورٹی انتظامات کے لئے استعمال کرنے کی تجویز بھی آئی تھی لیکن اپوزیشن جماعتوں نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر امن کمیٹیوں کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا جسے اپوزیشن مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے علاوہ آزاد کشمیر تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت مسلم کانفرنس نے بھی سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

واپس کریں