دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اسمبلی الیکشن کے بعدمقبوضہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا، ہندوستانی وزیر داخلہ کا اعلان
No image سرینگر (کشیر رپورٹ) ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے الیکشن کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔ہندوستان کی ' بی جے پی ' حکومت نے5اگست2019کو پارلیمنٹ میں خلاف ضابطہ طور پر قانون سازی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی ریاستی حیثیت کو ختم کر کے اسے ہندوستان کے مرکزی حکومت کے زیر انتظام علاقہ قرار دیا تھا۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہندوستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ جموں وکشمیر اسمبلی کے الیکشن کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے اور دہلی حکومت نے پہلے یہ اپنا موقف دیا ہے کہ الیکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔
امیت شاہ نے کہا کہ جہاں تک ملی ٹینسی کا تعلق ہے تو اس کو پوری طرح سے ختم کرنے میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ ان کے مطابق جموں وکشمیر میں پچھلے سالوں کے مقابلے میں امسال ملی ٹینسی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امسال 20ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جو کافی کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت 20فیصد تشدد آمیز واقعات پر بھی روک لگانے کی سمت میں کا م کر رہی ہیں اور اس میں بھی ہم کامیاب ہونگے۔مرکزی وزیر داخلہ نے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ سال 1990-98تک یومیہ جموں وکشمیر میں 25لوگ مارے جاتے تھے لیکن اس وقت وادی کشمیر میں حالات معمول پر آئے ہوئے ہیں۔
ہندوستانی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کے بارے میں سوال کے جواب میں کہاکہ جب الیکشن کمیشن کرانا چاہئے گا ہم بھی تیار ہیں۔سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے اس حوالے سے پہلے ہی اپنا موقف واضح کیا ہے کہ پہلے حد بندی کمیشن مکمل کرنے ، اس کے بعد ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی اور نئے ووٹروں کا اندراج کا عمل مکمل ہونے اور اس کے بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کرانے کے بعد سٹیٹ ہڈ کو بحال کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم نے یہ پارلیمنٹ میں بھی کہا ہے اور اس میں ہم قائم ہے کہ الیکشن کے بعد جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔
واپس کریں