دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرنے کی تجویز مسترد کردی،بیک وقت کرائے جائیں، چودھری یاسین اور شاہ غلام قادر کی اسلام آباد اور راجہ فاروق حیدر و چودھری لطیف اکبر کی مظفر آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس
No image اسلام آباد، مظفر آباد (کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کی دوسیاسی جماعتوں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے متحدہ اپوزیشن اتحاد نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات مرحلے میں منعقد کرانے کی تجویز مسترد کرد یے اور مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بیک وقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔اس بات کا اعلان بد ھ کو اسلام آباد پریس کلب میںپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین اور پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس میںپیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر میں ڈویژن وائزضلع وائز بلدیاتی انتخابات کی تجویز کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ آذاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں چاہتے ہیں،انتظامیہ شفاف الیکشن کرانے میں ناکام نظر آتی ہے، ڈویژن یا ضلع کی سطح پر الیکشن قبول نہیں ،حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے ۔
اسی دوران آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سابق صدر راجہ فاروق حیدر خان نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرچودھری لطیف اکبر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرنے کی تجویز مسترد کر دی اور مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بیک وقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے اس حوالے سے آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی' حکومت پر کڑی تنقید کی کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکورٹی اہلکاران کی تعیناتی کے معاملے میں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرنے کے بجائے وزارت داخلہ کو محض ایک خط لکھ دیا۔
چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاران کی فراہمی کی بات پاکستان کے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں سامنے آئی کہ آزاد کشمیر کو سیکورٹی اہلکار مہیا نہیں کئے جا رہے اور اس بارے میںآزاد کشمیر حکومت نے کوئی خط لکھا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے اس بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا ہے کہ پاکستان کی وزارت داخلہ نے ان کے لکھے گئے مکتوب کا کیا جواب دیا ہے یا جواب نہیں دیا۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر کو اس معاملے پہ وزیر اعظم پاکستان سے بات کرنا چاہئے تھی جبکہ انہوں نے محض ایک خط لکھ دیا، اس سے ان کی غیر سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے کہ انہوں نے اس سیکورٹی اہلکاران کی فراہمی کے معاملے میں پاکستان حکومت سے صحیح طور پر رابطہ نہیں کیا۔اگر وہ اس معاملے میں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرتے تو یہ مسئلہ حل ہو جاتا۔ایک سوال کے جواب میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میں اپنے دور حکومت میں بلدیاتی انتخابات کرا رہا تھا لیکن ابتدائی تیاری کے دوران ہی بعض افراد حلقہ بندیوں کے معاملے میں عدالت میں چلے گئے جس سے بلدیاتی انتخابات تعطل کا شکار ہو گئے۔

واپس کریں