دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان حملے پر ہندوستان کا سرکاری ردعمل ، ہندوستانی میڈیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ تیز ہو گیا
No image نئی دہلی(کشیر رپورٹ)ہندوستان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر حملے کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیااس واقعہ اور پاکستان کی صورتحال پہ گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہندوستانی میڈیا نے یہ پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے کہ عمران خان پر حملے سے پاکستان میں خانہ جنگی شروع ہونے والی ہے اور فوج پاکستان میں مارشل لاء لگا دے گی۔تفصیلات کے مطابق ہندوستان وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ وہ چیز ہے جس پر ہم گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم پیش رفت پر گہری نظر بنائے رکھیں گے۔ ہندوستانی ترجمان نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی اس پیش رفت پہ ہم قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم جاری پیشرفت کی نگرانی کرتے رہیں گے۔
ہندستانی میڈیا نے عمران خان پر حملے اور اس کے بعد ہونے والے مظاہروں کے حوالے سے اس بات کا پروپیگنڈہ تیز کر دیا ہے کہ پاکستان میں خانہ جنگی ہو نے والی ہے اور پاکستان میں فوج مارشل لاء لگا دے گی۔ہندوستانی میڈیا میں کہا جا رہا ہے کہ
'' عمران خان پر حملے کی خبر آتے ہی پاکستان میں بھاری عوامی غصہ بھڑک اٹھا ہے،راول پنڈی ،کراچی،لاہور،وزیر آباد،کوئٹہ وغیرہ بڑے شہروں میں لوگ سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، اس سے حکومت کمزور ہو گئی ہے،یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس حملے کو اس طرح سٹیج کیا گیا کہ لگتا ہے کہ ساری بدنظمی کیلئے شہباز سرکار کو ذمے دار دکھایا جا سکے لیکن شک کی سوئی فوج کی طرف بھی جاتی ہے کیونکہ اس کی اجازت،پلاننگ اور ملی بھگت کے بغیر یہ حملہ نہیں ہو سکتا تھا، جو بھی ہو،اس حملے نے پاکستان کی سیاسی صورتحال کو اور زیادہ دھماکہ خیز بنا دیا ہے جس میں کہنا مشکل ہے کہ وہاں کب کیا ہو جائے''۔
واپس کریں