دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
گوجرانوالہ میں ایک شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، عمران خان سمیت14افراد زخمی، حملہ آور گرفتار، عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہا تھااس لئے حملہ کیا، حملہ آور کا پولیس کو بیان
No image گوجرانوالہ (کشیر رپورٹ)گوجرانوالہ میں عمران خان کے کنٹینر پہ ایک شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 14افراد زخمی ہوگئے جن میں تحریک انصاف کے شربراہ عمران خان بھی شامل ہیں، عمران خان کو ٹانگ پہ گولی لگی۔ زخمی ہونے والوں میں حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ ، چوہدری محمد یوسف اور سینیٹر فیصل جاوید بھی زخمی ہیں، احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی۔
عمران خان کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں سی ٹی اسکین سے معلوم ہوا کہ گولی آر پار ہوئی ہے اور ہڈی محفوظ ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق عمران خان کی حالت مستحکم ہے ، ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احمد ناصر چٹھہ کو بائیں ٹانگ پر گولی لگی جبکہ عمران خان کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی۔ دیگر زخمیوں کو پیٹ اور ٹانگوں پر گولیاں لگیں، کے فائرنگ واقعے میں 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔ جان بحق شخص کی شناخت معظم کے نام سے ہوئی ہے جسے سر اور پیٹ میں گولی لگی۔
حملہ آور کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا نام نوید ولد بشیر ہے جو نوید وزیرآباد کے علاقہ سوہدرہ کا رہائشی ہے۔ ملزم نوید چوری کے الزام میں جیل بھی جا چکا ہے۔پولیس کو دیے گئے ویڈیو بیان میں حملہ آور نے کہا کہ اس نے عمران خان کو مارنے کی کوشش اس لیے کی کیوں کہ اس کے مطابق عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، اذانیں ہو رہی تھیں اور ڈیک لگائے ہوئے تھے، شورکر رہے تھے، میرے ضمیر نے گوارا نہیں کیا۔حملہ آور نے پنجاب پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے عمران خان کو مارنے کی کوشش اس لیے کی کیوں کہ اس کے مطابق عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ میرے پیچھے کوئی نہیں اور نہ ہی کوئی اس کے ساتھ ہے اس نے اکیلے ہی یہ کام کیا ہے۔حملہ آور نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہے تھے، مجھ سے دیکھا نہیں گیا، میں نے مارنے کی کوشش کی،صرف عمران خان کو مارنے کی کوشش کی اور کسی کو نہیں، جس دن سے یہ لاہور سے نکلے اس دن سے میں نے یہ سب سوچا ہوا تھا۔۔ ملزم نوید کی بیوی، بھائی اور بچوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں ملزم کی والدہ بھی شامل ہیں، ملزم کے گھر والوں سے علیحدہ علیحدہ بیان لیے جائیں گے۔واقعہ کی تحقیقات جاری ہے جس سے واقعہ کی تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔
واپس کریں