دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی انتخابات ہر صورت ہو ں گے، وفاقی حکومت کی طرف سے فورسز کی عدم فراہمی پہ متبادل اقدامات کئے جا رہے ہیں، چیف الیکشن کمیشن کی زیر صدارت آزاد کشمیر حکومت کا اعلی سطحی اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)31اکتوبر 2022۔چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریار کی زیر صدارت وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کی خاطر سکیورٹی فورسز کی عدم فراہمی کے حوالہ سے لکھے گئے مکتوب کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ اور آئندہ لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالہ سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر، چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد عثمان چاچڑ، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس راجہ شہریا ر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن عرفان مسعود کشفی اور الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمودنے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی حکومت کی طرف سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی کے لئے کی گئی تحریک کے تناظر میں اجلاس کو بتایا کہ ان کی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر کو تحریک کی گئی کہ وہ وفاقی حکومت اور دیگر صوبہ جات سے فورسز کی آمد کو یقینی بنائیں جس پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو یقینی دہانی کروائی کی بلدیاتی انتخابات کے دوران قیام امن کی خاطر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں وہ متعلقہ اداروں کو بھی لکھ رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شرکا پر واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات ہر صورت منعقد ہونگے اور منسوخ /ملتوی کئے جانے کی کوئی صورت نہ ہے۔ چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس مرکزی حکومت کی طرف سے سکیورٹی فورسز کی عدم فراہمی کی صورت میں متبادل پلان بنائیں کہ امن وامان کو کسی طرح یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ امن وامان کو قائم رکھنے کے لئے سکیورٹی فورسز کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری کی طرف سے اجلاس کو بتایاگیا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ سکیورٹی فورسز کے لئے گفت و شنید جاری ہے اور عدم فراہمی کی صورت میں متبادل اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اجلاس کے آخر میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہر صورت ہونا ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے سکیورٹی فورسز کی عدم فراہمی کی صورت میں متبادل انتظامات کی نسبت پلان آئندہ ایک دو روز میں الیکشن کمیشن کو پیش کیا جائے تاکہ بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ مزید براں عوام الناس کے لئے کہا گیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر بے یقینی کا شکار نہ ہوں اور الیکشن کمیشن و حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات پر انحصار کریں۔
واپس کریں