دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی الیکشن میں خواتین اور نوجوانوں کی نشستیں کم کرنے کے حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا وضاحتی بیان
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)31اکتوبر 2022۔آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے بلدیاتی انتخابات میں خواتین اور نوجوانوں کے لئے مختص شدہ نشستوں میں کمی نہیں کی بلکہ نوجوانوں اور خواتین کی نمائندگی 12.5% کوٹہ کو یقینی بنانے کیلئے قانونی ترمیم کی گئی ہے تاکہ تمام لوکل کونسل ہا میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی کے لئے بالواسطہ ممبران کا انتخاب ممکن ہو سکے۔اس حوالہ سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے حکام نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں اور خواتین کی نمائندگی کو کم نہیں کیا گیا بلکہ دسمبر 2021میں سپریم کورٹ آف آزادجموں وکشمیر کی جانب سے دئیے گئے فیصلہ کی تعمیل میں از سر نو کی گئی حلقہ بندی کے بعد تمام لوکل کونسل ہا میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے اور ابہام کو دور کرنے کے لیے قانونی ترمیم کی گئی ہے جس کی وضاحت یوں ہے کہ 2021میں آزاد جموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990میں جو ترمیم کی گئی اس کے مطابق ہر لوکل کونسل میں کل براہ راست منتخب ممبران کی 12.5%نشستیں خواتین اور 12.5%نشستیں نوجوانوں کے لئے مختص کی گئی تھیں۔ دوسری طرف دسمبر 2021میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں یونین کونسل کی کل آبادی کی بالائی حد 25000سے کم کر کے 15000کر دی گئی۔ اسی طرح وارڈز کی آبادی کی بالائی حد 3000سے کم کر کے 2000کی گئی۔رہنمائی سپریم کورٹ کی روشنی میں یونین کونسل اور وارڈ کی آبادی تبدیل کرنے کی وجہ سے از سر نو کی گئی حلقہ بندی میں یونین کونسل ہا کی تعداد میں اضافہ ہواجبکہ یونین کونسل ہا کے اندر وارڈ کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔ اس وقت کل 319لوکل کونسل ہا میں سے 175لوکل کونسل ہا کے براہ راست منتخب ممبران کی تعداد فی لوکل کونسل سات یا اس سے کم ہے جبکہ ہر لوکل کونسل میں خواتین اور نوجوانوں کے دو دو نمائندگان منتخب کرنے کے لیے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے لیے آٹھ براہ راست منتخب ممبران درکار ہیں۔ ایسی صورت میں ان لوکل کونسل ہا میں خواتین اور نوجوانوں کے نمائندگان کے لئے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ دستیاب نہ ہوں گے اور ان 175لوکل کونسل ہا میں نوجوانوں اور خواتین کے نمائندگان کا انتخاب نہ ہو سکے گا۔ بالا صورت حال کے تناظر میں قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے کم ازکم 02نمائندگان کے بجائے کم از کم 01نمائندہ کیا گیا ہے تاکہ تمام لوکل کونسل ہا میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی کے لئے بالواسطہ ممبران کا انتخاب ممکن ہو سکے۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ جن لوکل کونسلوں میں براہ راست منتخب امیدواران کی تعداد 12یا اس سے زائد ہو گی ان لوکل کونسل ہا میں 12.5%کے حساب سے ہی خواتین اورنوجوانوں کے نمائندگان کا انتخاب ہو گا۔ اس طرح لوکل کونسل ہا میں نوجوانوں اور خواتین کی نمائندگی (12.5%فی کیٹیگری)میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی بلکہ تمام لوکل کونسل ہا میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے اور طریقہ کار کو سہل بنانے کے لیے قانونی ترمیم کی گئی ہے۔
واپس کریں