دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر میں ہندوستانی فوج کے داخلے کے حوالے سے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر حکومت کی مرکزی تقریب
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)27 اکتوبر 2022۔لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے آج مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا۔ اس سلسلہ میں آزادکشمیر بھر میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔ ہندوستان کی جانب سے 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتارنے اور مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضے کے خلاف آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ احتجاجی جلسہ میں وزیراعظم آزادکشمیرسردارتنویر الیاس خان، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، حریت رہنما سید یوسف نسیم، وزیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم، پروفیسر تقدیس گیلانی سمیت سیکرٹریز حکومت، سرداری افسران، سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسے سے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان،صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر،موسٹ سینئر وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، حریت رہنما سید یوسف نسیم نے خطاب کیا۔
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک سلگتی چنگاری ہے، صرف مذمتوں سے کام نہیں چلتا دنیا اس کو حل کروانے کیلئے اپنا کردارادا کرے۔ کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے۔ہندوستان مہاراجہ کے الحاق کا جو معاہدہ دکھا رہا ہے اس کو بین الاقوامی کمیشن سے معائنہ کرائے کہ اس میں ٹمپرنگ تو نہیں،مہاراجہ کے اپنے بچے جو زندہ ہیں وہ کیا کہہ رہے ہیں اس کو بھی دیکھا جائے، مہاراجہ کے الفاظ اور اسکی منشا کیا تھی،کیا مہاراجہ absolute mergerچاہتا تھا کہ نہیں، اگر ایسی بات ہے تو دستاویز کو دنیا کے سامنے پیش کرے۔ آج تک مقبوضہ کشمیر کے کسی وزیراعلی میں غیرت نہیں دیکھی،اگر کسی میں غیرت ہوتی وہ اقتدار کو ٹھوکر مارکر کہتاکہ پاکستانیت پر یقین رکھتا ہوں۔ میری تجویز ہے کہ وفاقی وزیر مملکت برائے خارجہ حناربانی کھر کے ہمراہ حکومتی، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اورخواتین ممبران قانون ساز اسمبلی اور صحافیوں پر مشتمل ایک وفدبیرون ممالک دوروں پر بھیجوں جو وہاں جا کر کشمیر پر سفارتکاری کرے، اس وفد کے سارے اخراجات اپنی جیب سے اداکروں گا۔27اکتوبرہندوستا ن کی جانب سے جارحیت اوربربریت کا دن ہے، ہندوستان اس قوم کو چیلنج کررہا ہے جس کی مائیں شہید اورغازی پیدا کرتی ہیں۔ پاکستان مشیت الہی ہے، پاکستان کے قیام کے بعد دنیا بھر کے مظلوم طبقے نے پاکستان کی طرف دیکھا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے 27اکتوبریوم سیاہ کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد میں منعقدہ ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی جلسہ سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سینئر موسٹ وزیر حکومت آزادکشمیر خواجہ فاروق احمد، حریت رہنما سید یوسف نسیم نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد، وزیر حکومت چوہدری محمد اکبرابراہیم، ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات، سرکاری افسران، سول سوسائٹی، وکلا، طلبہ مہاجرین اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیرتعداد احتجاجی جلسہ میں شریک تھی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے وزارت خارجہ کو تجویز دی تھی کہ دفتر خارجہ میں دو مشیر آزادکشمیر سے لیے جائیں۔ بیس کیمپ کی حکومت پورے کشمیر کی نمائندہ حکومت ہے۔ ہندوستان کا کشمیر کے ساتھ کوئی لنک نہیں تھا، تقسیم برصغیر کے فارمولے کے تحت مسلم ریاستوں کا الحاق پاکستان اور ہندوریاستوں کا ہندوستان کے ساتھ الحاق ہونا تھا، ریڈ کلف اور گاندھی نہرو سازشوں کی وجہ سے گورداسپور ہم سے گیا تاکہ ہندوستان کو کشمیر میں داخل ہونے راستہ مل سکے۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کیلئے ہندوستان 42لاکھ ہندوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کر چکا ہے، مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو پھر اس کے اثرات ساری دنیا تک جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی وحدت پر یقین رکھتا ہوں،جموں کے پنڈٹ سے لیکر لداخ، بڈگام اورپونچھ تک سب کشمیری ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ماوں کو سلام پیش کرتاہو ں جو برہان وانی جیسے لال پیدا کرتی ہے۔ پانچ فروری کو 24کروڑ پاکستانی عوام اپنے کشمیریوں بھائیوں کیلئے باہر نکل کر دنیا کو بتاتی ہے کہ ہم ایک ہیں۔ پاکستان دنیا بھر کے مظلوم طبقے کی امید ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی سے نظریاتی اختلا ف ہو سکتاہے لیکن سیاسی جدوجہد سے اختلاف نہیں ہو سکتا۔ ایل او سی کے دوسری جانب رہنے والوں کو بھی ہم سے توقعات ہیں، انشا اللہ بیس کیمپ کی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی۔ سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان جب وزیراعظم تھے تو انہوں نے مہاجرین کیلئے 1330لاکھ گھر بنانے کا اعلان کیا اور پھر3ارب روپے بھی فراہم کیے۔ وفاق نے آزادکشمیر کے فنڈز روکے ہوئے ہیں اس سلسلہ میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اپنا کردارادا کریں۔ ہم توکل پر یقین رکھتے ہیں، ہماری حکومتی ٹیم کی محنت کی وجہ سے ہم سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے30ارب کے منصوبے لینے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تقریبات میں اپوزیشن کی غیر حاضری کو محسوس کرتا ہوں۔
احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر حکومت خواجہ فاروق احمدنے کہا کہ 27اکتوبر ہماری تاریخ کا بدترین دن ہے، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، سوچنا ہو گاکہ اب اگلا قدم کیا اٹھاناہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو متحدہ اور منظم ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی،انہوں کے کہا کہ مسلہ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات ختم کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ دینا ہو گا اور انہیں یقین دلانا ہو گا کہ ہم ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے جموں کشمیر کے اندر بھارتی قاتل فوج داخل کی اور یو این او اور عالمی سلامتی کے اداروں کی قراردادوں کو ہوا میں اڑا دیا۔ مظلوم کشمیریوں اور تحریک آزادی کشمیر کو بوجھ نہ سمجھا جائے،درندہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے موجود حکومت آزاد کشمیراپنے بقیہ چا ر سالہ عرصہ کیلئے تحریک آزادی بارے پلان ترتیب دے۔ قوموں کی تاریخ میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں تحریک آزادی کو نہ کوئی بیچ سکتا ہے اور نہ کوئی خرید سکتا ہے، کشمیریوں کو جب تک ان کو بنیادی خودارادیت مل نہیں جاتا کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید یوسف نسیم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،اس تحریک میں اب تک چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے،تحریک آزادی کشمیر شہدا کے پاک خون سے زندہ ہے، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ اور آزاد کشمیر کا وزیراعظم پوری ریاست جموں و کشمیر کا وزیراعظم ہے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان میں حالات خراب کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے تاکہ پاکستان میں انتشار پیدا ہو اور وہ کشمیریوں کی مدد کرنا چھوڑ دے، اسلام اور پاکستان کے دشمن ہر گز نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو ا،ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی کشمیریوں کی بقا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے یوم سیاہ کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد میں منعقدہ احتجاجی جلسہ میں یوم سیاہ کی مناسبت سے سیاہ غبارے فضا میں چھوڑے۔ ازاں بعد وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے احتجاجی ریلی کی قیادت بھی کی۔ صدرن لیگ شاہ غلام قادر،سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد،ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد اور حریت رہنما سید یوسف نسیم ودیگر بھی ریلی میں شریک تھے۔
واپس کریں