دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
صدر پاکستان عارف علوی نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے 'کشمیر ایئر' کی کمرشل ہیلی کاپٹر فلائٹ سروس کا افتتاح کیا
No image باغ۔25اکتوبر(کشیر رپورٹ) ایک نجی کمپنی ' کشمیر ایئر' نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحوں کی آمد و رفت کے لئے ہیلی کاپٹر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں منگل کو سیاحت کے فروغ کے لیے کشمیر ایئر کی کمرشل ہیلی کاپٹر فلائٹ سروس کا افتتاح کیا۔باغ میں کشمیر ایئر کی لانچنگ تقریب میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
' کشمیر ایئر ' کی ہیلی کاپٹر سروس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کو قدرتی حسن اور سیاحت کی بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو آزاد جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے آگے آنا چاہئے تاکہ اس کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت پر زور دیا کہ وہ پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سیاحت دوست پالیسیاں وضع کرے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کی منصوبہ بندی کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر اپنانے پر زور دیا، انہوں نے مزید کہا کہ سٹیک ہولڈرز، کاروبار، وسائل اور سیاحتی سرگرمیوں کے درمیان روابط قائم کرنے کے علاوہ خطے پر سیاحت کے اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی اثرات کا بغور جائزہ لیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت دنیا کی بہت سی ترقی پذیر معیشتوں کی بنیاد بن چکی ہے اور اسے زرمبادلہ کمانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور معاشی تفاوت کو کم کرنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو ان کے اپنے علاقے میں فائدہ مند روزگار فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو سیاحت سمیت تمام شعبوں کی افرادی قوت میں شامل ہونے کی ترغیب دی جانی چاہئے جس سے آزاد جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے کی ترقی ملے گی اور خواتین کی معاشی طور پر بااختیار ہو سکیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کے لیے پرعزم ہے اور عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
واپس کریں