دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا 75واں یوم تاسیس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)24اکتوبر2022۔آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا ڈائمنڈ جوبلی 75واں یوم تاسیس ریاست بھر میں ملی جوش و جذبہ اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی یہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی،آزادخطہ میں قانون کی عملداری اور گڈ گورننس کے قیام پر صرف کرے گی۔ 75ویں یوم تاسیس پرتاریخ میں پہلی بار دن کا آغاز21توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے بعدریاست بھرکی مساجد میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں پاکستان کی سلامتی و استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ 75ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب دارالحکومت مظفرآباد پریڈ گراونڈ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی قائم مقام صدرآزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق تھے۔ اس موقع پر قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر نے پرچم کشائی بھی کی۔ مرکزی تقریب میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان، سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزراحکومت،ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سٹیشن کمانڈر، سیکرٹریز صاحبان،سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں آزادکشمیر پولیس،ریسکیو 1122، کمانڈوز،گرلزگائیڈ، بوائز سکاوٹس،ٹورسٹ پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی اورمارچ پاسٹ کیا۔قائمقام صدر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر پریڈ کامعائنہ بھی کیا۔ تقریب میں پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔تقریب میں یوم تاسیس کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمے پیش کی گئے۔ قائمقام صدرریاست چوہدری انوار الحق نے آزادحکومت کے 75ویں یوم تاسیس پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والوں کو صدارتی میڈلز بھی دیے۔مرکزی تقریب میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد سجاد خان نے سرانجام دیے۔

قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت ہے جس کا اصل مقصد لائن آف کنٹرول کے اس پار آزادی کی منزل کے حصول کے لیے بر سر پیکار اپنے بھائیوں کو سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت فراہم کرنا ہے۔ مسلہ کشمیر کا واحد حل ریاست جموں و کشمیر کی تمام اکائیوں کو یکساں کرتے ہوئے انکا پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔ تقسیم کشمیر کا کوئی بھی فارمولا کشمیری قوم کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ آج آزاد کشمیر حکومت کے 75ویں یوم تاسیس ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہم سب کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم تحریک آزادی کے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ آج کے دن میں مسلح افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو لائن آف کنٹرول پر ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر حکومت کے75ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائمقام صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کی اس حکومت کے قیام کا اصل مقصد تحریک آزادی کشمیر کے لیے کام کرنا ہے تاکہ لائن آف کنٹرول کے اس پار ہندوستان کی قابض افواج کے خلاف برسر پیکار اپنے بھائیوں کو سپورٹ فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے قربانیاں دے کر بیس کیمپ کی اس حکومت کا انتظام و انصرام قائم کیا ہے۔ ہمیں پوری قوت اور طاقت کے ساتھ اپنے آبا اجداد کی جدوجہد پر پہرہ دینا ہے اور اگر ہماری زندگیوں میں تحریک آزادی کشمیر کی منزل کا حصول ممکن نہیں ہوتا تو اس عظیم مقصد کو آنے والی نسلوں کے سپرد کر کے جانا ہے تاکہ یہ جدوجہد جاری رہ سکے۔ اس سلسلہ میں بحیثیت قوم اور بحیثیت فرد کوئی کوتاہی نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پوری ریاست جموں وکشمیر الحاق پاکستان کی منزل حاصل نہیں کر لیتی، انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن افواج پاکستان کی ان قربانیوں کا ذکر کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں جن کی وجہ سے ہم آج آزادی کی فضاں میں سانس لے رہے ہیں۔ آج ہمیں یہاں انسانی حقوق اور آزادی کی نعمت جسطرح میسر ہے اس کا کروڑواں حصہ بھی لائن آف کنٹرول کے اس پار رہنے والے بھائیوں کو میسر نہیں ہے اور اس کا کریڈٹ خاکی وردی میں ملبوس ہمارے شہیدوں اور غازیوں کو جاتا ہے۔ ہم عقیدے کے لحاظ سے بھی پاکستانی ہیں اور جب تک آخری کشمیری زندہ ہے اس وقت تک ہمیں ہماری منزل سے کوئی دور نہیں کر سکتا۔ صدرریاست نے اس موقع پر 75ویں یوم تاسیس کی شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیا س خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکی حکومت پوری ریاست کی نمائندہ حکومت ہے، بیس کیمپ کی حکومت اور عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔حقیقی آزادی اس دن ہوگی جب مقبوضہ کشمیر بھی ہندوستانی تسلط سے آزاد ہوگا۔دنیا یاد رکھے کہ کشمیر کا تنازعہ زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ انسانی زندگیوں کا مسئلہ ہے۔ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کا 75واں یوم تاسیس ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔1947میں ہمارے اسلاف اور مجاہدین نے بے سروسامانی کے عالم یہ خطہ آزاد کروایا۔آج کے دن آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کو بدلا ہوا آزادکشمیر دیں گے۔مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان شاید مسلمانوں کی تاریخ سے واقف نہیں،طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی تحریک کو نہیں دبایا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو پھر ہمارے پاس اختیار ہے کہ کوئی دوسرا راستہ اختیا ر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر دارلحکومت مظفرآبادکے پریڈ گراونڈ میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام صدرآزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق تھے۔ مرکزی تقریب میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزرا حکومت،ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز صاحبان،سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ چوہدری غلام عباس جیسے عظیم رہنما ں نے اسوقت جدوجہد کی قیادت کی اور محسن کشمیر غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان کی سربراہی میں بیس کیمپ کی حکومت قائم ہوئی۔ جس عظیم مقصد کیلئے بیس کیمپ کی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا اسکی تکمیل کیلئے بیس کیمپ کی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت آرایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اقوام عالم،یواین اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروایا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی ہیں، حریت قیادت کو جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہماری حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے قربانی کی عظیم داستان رقم کرنے والے کیپٹن سرور شہیدکا یوم شہادت بھرپور انداز سے منایا۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادخطہ میں گڈ گورننس کے نفاذ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہے ہیں، آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کو بدلا ہوا کشمیر دیں گے۔ عمران خان کی کشمیریوں کے ساتھ کمٹنٹ ہے جس کو پورا کریں گے، عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر حکومت لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ آزادکشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے مسائل کے حل کے لئے اپنے ذاتی وسائل بھی بروئے کار لاوں گا، وعدہ ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کی حالت کو بدلو ں گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کی چھ ماہ کی کارکردگی کا ماضی کی حکومتوں سے موازنہ کر لیا جائے، ہماری حکومت کے چھ ماہ گزشتہ حکومتوں کے پانچ سالوں سے بھی کارکردگی کے لحاظ سے بھاری ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی مایہ ناز ٹیم کی محنت سے وفاقی ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے آزادکشمیر کیلئے 30ارب کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظور ی ہوئی۔

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75یوں یوم تاسیس ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق، وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان، چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ اور سٹیشن کمانڈر نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، استحکام پاکستان اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تکمیل پاکستان کا حصہ ہے۔ 75ویں یوم تاسیس کی تقریب شایان شان طریقے سے اس طرح کی تجدید کے ساتھ منائی جارہی ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک لائن آف کنٹرول کے اس پار آزادی کے حصول کی جدوجہد میں شریک اپنے بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔ اب وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر ہندوستان کے تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور ہم سب ملکر آزادی کی خوشیاں منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر حکومت کے پچھتر ویں یوم تاسیس ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب کے بعد شہدا کی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ آج کے دن ریاست جموں وکشمیر کے عوام ملکر تکمیل پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے عظیم مقصد کے لیے برسر پیکار اپنے بھائیوں کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر قائم مقام صدر ریاست چوہدری انوار الحق نے تحریک آزادی،سپورٹس،ادب،شجاعت اور پبلک سروس کے شعبوں میں نمایاں خدمات و کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں کو صدارتی میڈلز دیے۔آزادحکومت کے 75ویں یوم تاسیس پرتحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات پر ممتاز حریت رہنما سید شبیر احمد شاہ اور اشرف صحرائی، سپورٹس میں نتالیہ پرویز اور توقیر احمد، ادب میں اشتیاق احمد آتش اور ڈاکٹر افتخار مغل،پبلک سروس میں پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق، شجاعت میں وجاہت کاظمی، شکور شہید، محمد الیاس شہید جبکہ خدمت انسانیت کے اعتراف میں غلام حسین میر کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واپس کریں