دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے75سال، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم کے خصوصی پیغامات
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی))23اکتوبر 2022۔آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے قیام کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پہ خصوصی پیغامات جاری کئے ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ آزادجموں و کشمیر کا قیام محض اتفاق نہیں تھا بلکہ اس کے لئے ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے تاریخ ساز جدوجہد کی تھی۔19 جولائی 1947 کو سرینگر کے مقام پر ریاستی مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔جب وہ یہ فیصلہ کر چکے تو انہیں اس بات کا احساس بھی ہو گیا تھا کہ تقسیم برصغیر کے اصولوں کے مطابق ریاستی مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جا رہااور ایک سازش کے ذریعے ریاست جموں وکشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔چنانچہ انہوں نے ڈوگرہ راج کے خلاف اعلان جہاد آزادی کرکے قرارداد الحاق پاکستان کو عملی شکل دینے کے لیے اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا اور پندرہ ماہ تک مسلسل بھارتی افواج کا بھرپور مقابلہ کر کے کشمیر کے ایک بڑے حصے کو ڈوگرہ فوج اور بھارتی تسلط سے آزاد کر اکے آزادجموں و کشمیر میں آج ہی کے دن ایک انقلابی حکومت قائم کر دی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔صدربیرسٹر سلطان محمودنے کہا کہ بھارت کے 5اگست2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ اس وقت کشمیر ی عوام آگ و خون کے دریا عبور کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اس تحریک کے دوران انہوں نے قربانیوں کی جو عظیم داستان مرتب کی ہے اس کی مثال تاریخ انسانی میں کہیں نہیں ملتی ہے۔ کشمیریوں نے اپنی بے مثل قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیر ی عوام نے اپنی بے مثل قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پانچ اگست2019 سے بھارتی فوج کے محاصرے کا شکار مظلوم بہن، بھائیوں بیٹوں اور بزرگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کا جھنڈ ا نہیں گرنے دینگے اور اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔ قابض بھارتی افواج کے سامنے سینہ سپر اپنے کشمیریوں بھائیوں کو سلا م پیش کرتا ہوں۔ ہمارے آبا اجداد نے جب یہ خطہ آزاد کراویا تو وہ اس وقت شدید بے سروسامانی کے عالم میں تھے۔ اس وقت کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال مثال رقم کی۔ ہمارے آبا اجداد کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ استقامت سے کھڑے رہیں۔ آزادحکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے۔ہماری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے اور اس کیلئے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔ بھارت کے ہٹ دھرم رویے نے کشمیری عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ آزادی کے حصول کے لیے میدان عمل میں کود پڑیں۔ کشمیر ی عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کی تاریخ میں جن ابواب کا اضافہ کیا اس کی مثال تاریخ میں مشکل ہی سے مل سکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 5اگست2019 کے بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد مقبوضہ وادی بھارت کے فوجی محاصرے میں ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور مقبوضہ وادی کو دنیاکی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے کے جنم لینے کا امکان ہے۔انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آبا کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

واپس کریں